وارسا (پ۔ر)
پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں عاشقاں پیغمبرگرامی، حتمی مرتبت (ص) کے یوم ولادت پر آپ (ص) سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کررہے ہیں۔
عید میلادالنبی (ص) کے سلسلے میں پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں بھی گذشتہ روز پاکستان فورم وارسا، پولینڈ کے زیراہتمام شاندار محفل کا انعقاد کیا گیا۔
دیگر اہم شخصیات کے علاوہ پولینڈ میں پاکستان کے سفیر ملک محمد فاروق اور ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ قونصلر محمد زاہد بھٹی بھی اس پروقار تقریب میں شریک ہوئے۔
پولینڈ میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں اور دیگر ممالک کے مسلمانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
محفل کے دوران نقابت کے فرائض پاکستانی دینی شخصیت قاری مدثر اقبال نے انجام دیئے جبکہ میاں خالد رضوان، عبدالرحمان، حافظ محممد طیب اور ارمان عرفان (ننھے نعت خواں) نے اپنی اپنی خوبصورت آوازوں میں سروکونین (ص) کے حضور ہدیہ نعت اور منقبت پیش کی۔
پولینڈ میں دینی مرکز سکینہ فاؤنڈیشن کے امام شیخ عبدالاحد نے انگرزی زبان مین اپنے خطاب کے دوران پیغمبرگرامی (ص) کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔ پاکستانی عالم قاری مدثر نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہمیں حضور (ص) کا امتی ہونے پر فخر ہے اور آپ (ص) کی محبت ہمارے لیے دنیا اور آخرت میں کامیابی اور نجات کی ضمانت ہے۔۔
محفل کے دوران شرکاء نے درود شریف کا ورد کیا اور یہ نعرے لگائے:
نعرہ تکبر۔ اللہ اکبر، نعرہ رسالت ۔ یا رسولل اللہ اور نعرہ حیدری۔ یاعلی۔
مرحبا یا مصطفےٰ مرحبا یا مصطفےٰ ،
مصطفےٰ جانے رحمت پر لاکھوں سلام،
حسین ابن حیدر پر لاکھوں سلام،
اس موقع پر پاکستان فورم وارسا، پولینڈ کے کوآرڈی نییٹر سید طاہر علی شاہ نے بتایاکہ ہمارے لیے یہ بڑی سعادت ہے کہ ہمارے فورم نے اس محفل کا انعقاد کیا۔ ہمارے آقا اور سرور انبیاء کی آمد کا دن منانا ہمارے لیے سب سے بڑی خوشی اور مسرت کی بات ہے۔ پاکستان فورم وارسا سے وابستہ سید عثمان سجاد شاہ کا کہنا ہےکہ محفل میں شریک تمام افراد کے چہروں پر خوشی اور شادمانی کے آثار نمایاں تھے جو لوگوں کی دلوں میں نبی مکرم (ص) کی محبت کی دلیل ہے۔ محفل کے اختتام پر لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔