:وارسا (خصوصی رپورٹ)
پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں سفارتخانہ پاکستان کے زیراہتمام یوم پاکستان کی تقریب ۲۳ مارچ بروز منگل منعقد ہوئی جس میں سفارتخانہ کے عملے نے شرکت کی جبکہ پولینڈ میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد ذوم لینک کے ذریعے تقریب میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی اور سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے خطاب کیا جبکہ ڈپٹی ہیڈ آف مشن نعیم صابر خان نے صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔
سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے اپنے خطاب میں یوم پاکستان کی تاریخ بیان کی۔ اس موقع پر ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ قونصلر محمد زاہد بھٹی بھی موجود تھے۔
سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں پاکستان کے قیام کے دوران عظیم قربانیوں کا ذکر کیا اور پاکستانیوں سے درخواست کی کہ وہ پاکستان کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہاکہ ۲۳ مارچ ۱۹۴۰ کو قرارداد پاکستان منظور ہوئی، قائداعظم کی قیادت میں مسلمانوں کی عظیم جدوجہد رنگ لائی اور اگست ۱۹۴۷ کو پاکستان معرض وجود میں آگیا۔
سفیر پاکستان نے کہاکہ ہمیں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے تین اصولوں “اتحاد، ایمان اور تنظیم” پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کو آگے لے جانا ہوگا۔
ملک محمد فاروق نے مظلوم کشمیری عوام کا تذکرہ بھی کیا جو بھارت ظلم و ستم کا شکار ہیں اور آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔
انہوں نے پولینڈ میں پاکستانی کمیونٹی سے کہاکہ وہ پولش حکومت کی طرف سے کرونا وبا کی روک تھام کے لیے دی گئی ہدایات پر عمل پیرا ہوں تاکہ اس موذی مرض پر قابو پایا جاسکے۔
ادھر وارسا میں ایک پولش یونیورسٹی کے پاکستانی پروفیسر ڈاکٹر کامران خان نے اووسیز ٹریبون کو بتایاکہ ۲۳ مارچ کا دن ہمیں یہ سبق سکھاتا ہے کہ پاکستان عظیم جدوجہد اور قیمتی جانوں کی قربانیاں دے کر حاصل ہوا۔ ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
وارسا میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیت سید طاہر علی شاہ نے اخبار کو جشن یوم پاکستان کے بارے میں بتایاکہ اگرچہ کرونا کے باعث گھر سے باہر عمومی کمیونٹی سرگرمیاں محدود ہیں لیکن گذشتہ شب ہی سوشل میڈیا پر کمیونٹی کے اراکین نے ایک دوسرے کو مبارکباد کا سلسلہ شروع کردیا تھا اور آج سارا دن یہ سلسلہ جاری رہا۔
سیاسی و سماجی امور کے ماہر ڈاکٹر سید سبطین شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قومی ایام کے حوالے سے باہر رہنے والے پاکستانیوں میں زیادہ احساسات اور جذبات پائے جاتے ہیں اور اسی وجہ سے اوورسیز پاکستانی یہ ایام باقاعدہ مناتے ہیں۔
پاکستانی سینئر صحافی و دانشور امجد فاروق نے اپنے خیالات کا اطہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے وطن کو کبھی بھی بھول نہیں سکتے۔ پاکستان ہماری پہچان ہے اور ہم نے ہی اس کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔
پاکستانی کمیونٹی کے ایک اور متحرک رکن سید عثمان سجاد کے بقول، اگرچہ دوسرے یورپی ملکوں کے مقابل میں پولینڈ میں پاکستانیوں کی آبادی بہت کم ہے لیکن یہ پاکستانی ہمیشہ پاکستان کے حوالے سے جوش و خروش رکھتے ہیں۔