وارسا (پ۔ر)۔
پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں سفارتخانہ پاکستان کے زیراہتمام جمعہ کی شام یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ایک آن لائن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، کے دوران میزبانی کے فرائض سفارتخانہ پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نعیم صابر خان نے انجام دیے۔
کانفرنس سے وارسا یونیورسٹی کے شعبہ سیاسی علوم و بین الاقوامی مطالعات سے فارغ التحصیل محقق ڈاکٹر سید سبطین شاہ، وارسا کی لازارسکی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر کامران خان اور معاشی امور کے ماہر عثمان افتخار نے خطاب کیا۔
کانفرنس کے دوران ڈپٹی ہیڈ آف مشن نعیم صابر خان نے وزیراعطم پاکستان عمران خان کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
پیغام میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ بھارت کشمیریوں پر بہیمانہ جبر بند کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے حوالہ سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے۔
ڈاکٹر سید سبطین شاہ نے یوم یکجہتی کشمیر کا پس منظر بیان کیا اور زور دے کر کہاکہ مظلوم کشمیریوں کو پاکستان سمیت بیرونی دنیا سے آج پہلے سے زیادہ یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ یورپ میں مقیم بااثرپاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے حق میں زیادہ موثر آواز بلند کریں۔ وہ بانفوذ یورپی حلقوں اور فیصلہ سازوں تک رسائی حاصل کرکے انہیں یہ باور کرانے کی کوشش کریں کہ بھارت سات دہائیوں سے کشمیریوں کے بنیادی انسانی اور جمہوری حقوق پامال کررہاہے۔ خاص طورپر انکے حق خودارادیت سے انکاری ہے جس کا اس نے ان سے وعدہ کیا ہوا ہے۔
پروفیسر کامران خان نے کہاکہ یورپ میں مسئلہ کشمیر پر زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر ہمیں کشمیریوں کے مسلمہ انسانی و سیاسی حقوق پر کھل کر بات کرنی چاہیے۔ انہوں بتایاکہ یورپ میں رہنے والے پاکستانی طلباء کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ تعلیمی اداروں کی سطح پر کشمیر کے حوالے سے آگاہی مہم چلا سکیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کو یہ سمجھانے کی ضرورت ہے کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جس کا خود بھارت اور عالمی برادری نے ان سے وعدہ کیا ہوا ہے۔
عثمان افتخار نے بتایاکہ آج کے دور میں انسانی حقوق کی بہت اہمیت ہے اور ہمیں چاہیے کہ کشمیریوں کے انسانی حقوق کو اجاگر کریں۔ انسانی حقوق کا مسئلہ یورپ کی ترجیحات میں شامل ہے اور ہم بڑی آسانی سے دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی طرف دلا سکتے ہیں۔
کانفرنس کے اختتام پر پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نعیم صابر خان نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان مظلوم کشمیریوں کی حمایت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے محدود وسائل کے باوجود بھارت کے جھوٹے پروپگنڈے کا منہ توڑ جواب دے رہا ہے اور ہرمحاذ پر اپنے بڑے دشمن کا مقابلہ کررہا ہے۔
نعیم صابرخان نے کہاکہ حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کی بھی اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کا اجاگر کرنے میں معاونت کریں اور خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کریں۔