حجتہ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید زوار حسین نقوی
اوسلو (پ۔ر)۔
ناروے میں دینی مرکز انجمن حسینی کے مذہبی امور کے ڈائریکٹر علامہ ڈاکٹر سید زوار حسین نقوی نے کہاہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں کوئلہ فیلڈ میں ہزارہ شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والے گیارہ کاکنوں کا قتل عام بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے۔
اس دردناک سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ یہ انتہائی لرزہ خیز واردات ہے جس میں دہشت گردوں نے ان مظلوم انسانوں کے ہاتھ پیچھے سے باندھ کر ان کے گلے کاٹے اور ان پر فائرنگ کرکے انہیں شہید کیا ہے۔
حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ اس واقعے کی فوری تحقیقات شروع کرکے اس بھیانک واردات میں ملوث دہشت گردوں کو کڑی سے کڑی سزا دے۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے بھی کہاکہ انہیں چاہیے تھا کہ فوری طور پر کوئٹہ جاتے اور مظلوم خاندانوں کی دل جوئی کرتے۔ کئی دنوں تک کوئٹہ والے ہزارہ اپنے پیاروں کے اجساد کے ساتھ وزیراعظم کا راستہ دیکھتے رہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کو ان دہشت گردوں کی سرکوبی کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لانا چاہیے۔ دہشت گردوں کا یوں سرعام کاروائیاں کرنا پورے ملک کے لیے خطرناک ہے۔
اگرحکومت انہیں روک نہ سکی تو پاکستانی کی سیکورٹی فورسز کی وہ تمام کوششیں و کاروائیاں بے ثمر ہوجائیں گی جو پچھلے چند عشروں سے جاری ہیں، خاص طور ضرب عضب اور ردالفساد کی موثر کاروائیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی جزوی امن کی فضاء بھی ایک بار پھر انتہا پسندی اور دہشت گردی سے آلودہ ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ ہزارہ برادری کے افراد کے اس قتل عام پر ناروے سمیت یورپ کے مختلف ملکوں میں رہنے والے پاکستانیوں میں سخت اضطراب اور تشویش پائی گئی ہے۔ کئی لوگوں نے یورپ کے مختلف ملکوں میں اس حوالے سے مذمتی بیان جاری کئے ہیں، پاکستانی حکام کو احتجاجی مراسلے بھیجے ہیں اور مظاہرے بھی کئے ہیں۔