(اوسلو (پ۔ر
پاکستان پیپلزپارٹی ناروے کے سینئر رہنماؤوں جاوید اقبال اور الیاس کھوکھر نے کہاہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستانی عوام میں بھرپور سیاسی شعور اجاگر کیا اور انہیں بتایا کہ ان کے سیاسی و جمہوری حقوق کیا ہیں۔
شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ پر ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو خطے کے عظیم سیاسی رہنما تھے۔ ضیا جیسے ایک فوجی آمر نے پھانسی کے ذریعے انہیں شہید کرکے قوم کو ایک عظیم رہنما سے محروم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
آج جس پاک۔چین دوستی پر پاکستانیوں کو ناز ہے، وہ شہید بھٹو کی عطا کردہ ہے کیونکہ وہ ہمالیہ سے بلند لازوال پاک چین دوستی کے حامی تھے، اس لیے انہوں نے اس وقت کے چینی رہنماء چواین لائی کے ساتھ مل کر خطے کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کیا اور پاک۔چینی دوستی کو مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر شہید بھٹو کے سیاسی تدبر اور قابلیت کو تسلیم کیا گیا۔ بھٹو کو شہید کرکے قوم پر ظلم عظیم کیا گیا، آج مخالفین بھی انکی پھانسی کو عدالتی قتل کہہ چکے ہیں۔
جاوید اقبال اور الیاس کھوکھر نے کہاکہ بھٹو نے عوام کے حقوق کی بالادستی، جمہوری اقدارکی بحالی، آزادی رائے اورخودمختار معاشرے کے قیام کیلئے آخری سانس تک جدوجہد کی۔ ملک وقوم کی خاطر شہادت کا جام نوش کیا مگر آمر کے سامنے نہیں جھکے۔ انکا نام آج بھی زندہ ہے اورپھانسی دینے والے ماضی کاسیاہ باب بن کر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے گمنامی کا نشان بن چکے ہیں۔
بھٹو جیسے لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے ۔پاکستان میں ایٹمی پروگرام شروع کروا کر وطن عزیز کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا دیا۔ بھٹو ازم ایک سوچ، تفکر اور ایک تحریک کا نام ہے جس کو ہمیشہ ملک کے دشمنوں نے دبانے کی بھر پور کوشش کی ہے۔
بھٹو کے نظریے کو ان کی دختر نیک اختر بے بھٹو شہید نے جاری رکھا اور ہم ان کے نظریے کے حامی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔