اوسلو (ڈیسک رپورٹ)۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بزرگ نارویجن کشمیری رہنماء سردار شاہنواز خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مرحوم سردارشاہنوازخان جو گذشتہ ہفتے ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں وفات پاگئے تھے، کی تدفین بدھ کے روز ان کے آبائی علاقے سردی بھالگران نزد راولاکوٹ آزادکشمیر میں کی گئی ہے۔ ان کا شمار پاکستان پیپلزپارٹی کے کہنہ مشق رہنماؤوں میں ہوتا تھا اور ان کی ناروے میں مسئلہ کشمیر پر جدوجہد کو قدرکی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے۔
مرحوم سردارشاہنواز خان کے فرزند اور کشمیرسکینڈے نیوین کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹو سردار علی شاہنواز خان سے موصولہ اطلاع کے مطابق، بلاول بھٹو نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ مرحوم سردار شاہنواز خان کے انتقال کی خبر پر انکا دل افسردہ ہے۔ سردار شاہنواز خان زندگی بھر کشمیر کاز کے لیئے کوشاں رہے۔ مرحوم کی خدمات طویل و شاندار ہیں، وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ دعا ہے، اللہ تعالیٰ مرحوم سردار شاہنواز خان کو اپنے جوار رحمت میں بلند درجات عطا فرمائے۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ پی پی پی چیئرمین نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی ہے۔
کشمیرسکینڈے نیوین کونسل ناروے کے ایگزیکٹو ڈائکریکٹر اور مرحوم کے بڑے فرزند سردار علی شاہنوازخان کے بتایاکہ بدھ کے روز آبائی علاقے میں مرحوم کے جنازے میں متعدد اہم سرکاری، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی اور انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
سردارشاہنوازخان جو ہمیشہ پیپلزپارٹی سے وابستہ رہے، کافی عرصے سے ناروے میں مقیم تھے۔ ان کا شمارہ آزادکشمیر کے بانی صدر سردارابراہیم خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا اور اس کے علاوہ، وہ سابق وزیراعظم پاکستان اور بانی پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے شیدائی سمجھے جاتے تھے۔