Iqbal Akhtar Khan
(اوسلو (پ۔ر
اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی ناروے کی انتظامیہ اور مشاورتی بورڈ کے اراکین کا اجلاس گذشتہ روز سوسائٹی کے صدر خالد اسحاق دھنیال کی صدارت میں یہاں اوسلو میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران سوسائٹی کے سینئررکن اقبال اختر خان کو سوسائٹی کا بلامقابلہ نائب صدر منتخب کیا گیا۔ اقبال اخترخان نے اپنے انتخاب پر انتظامیہ اور مشاورتی بورڈ کے اراکین کا شکریہ ادا کیا۔
اقبال اخترخان جو سوسائٹی کے دیرینہ رکن ہیں، اس سے پہلے سوسائٹی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ اجلاس میں شریک اراکین نے اقبال اخترخان کو سوسائٹی کا نائب صدارت بننے پر مبارکباد دی۔
اس دوران سبکدوش ہونے والے نائب صدر ریاض احمد کو ان کی خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ریاض احمد بھی طویل عرصے سے سوسائٹی کے ساتھ وابستہ ہیں۔ وہ اس سے پہلے سوسائٹی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
اس وقت سوسائٹی کے صدر خالد اسحاق ہیں جنہوں نے گذشتہ سال اس وقت کے سوسائٹی کے صدر مرزا محمد ذوالفقار کی وفات پر یہ عہدہ سنبھالا تھا۔ سوسائٹی کے موجودہ کے جنرل سیکرٹری مرزا تیمور ثقلین ہیں جو مرحوم مرزا ذوالفقار کے بھتیجے ہیں۔
سوسائٹی کے سابق صدر اور متحرک نارویجن پاکستانی شخصیت مرزا محمد انوربیگ نے بتایاکہ سوسائٹی کی انتظامیہ اپنے اصولوں پر کاربند ہے اور اسی وجہ سے سوسائٹی کے اراکین نے انتظامیہ پر ہمیشہ اعتماد کیا ہے۔