(اوسلو (نیوز ڈیسک
کشمیرسکینڈے نیوین کونسل ناروے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سردار علی شاہنوازخان کے والد سردارشاہنواز خان کی وفات پر نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی ناروے کے عہدیداروں اور سابقہ عہدیداروں نے بھی اپنے اپنے بیانات میں سردارشاہنوازخان کی وفات پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہارکیا ہے۔
سوسائٹی کے صدر خالد اسحاق دانیال، نائب صدر ریاض احمد، جنرل سیکرٹری مرزا تیمور ثقلین اور دیگر عہدیداروں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم سردارشاہنوازخان کی وفات پر افسردہ ہیں اور ان کے لیے مغفرت کی دعا کرتے ہیں۔ بیان میں مرحوم کے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا بھی اظہار کیا گیا اور دعا کی گئی کہ پروردگار لواحقین کو صبر جمیل عطاء کرے۔
سوسائٹی کے سابقہ صدر مرزا انور بیگ اور سابقہ نائب صدر چوہدری مظہرحسین نے بھی سردار شاہنواز خان کی وفات پر افسوس اور غم کا اظہارکیا ہے اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے۔
مرزا انوربیگ نے اوورسیز ٹریبون کو فون پر بتایاکہ سردارشاہنوازخان ایک اچھے اور ہمدرد انسان تھے اور ہماری دعا ہے کہ ان کے خاندان اور دوستوں کو ان کی وفات پر صبر جمیل عطا کرے اور مرحوم کے درجات بلند فرمائے، امین
یاد رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ناروے کے سینئررہنماء سردارشاہنوازخان جن کا بنیادی طور پر تعلق راولاکوٹ کے علاقے سردی بھلگران سے تھا، گذشتہ روز ناروے کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔
وہ کرونا کی شکایت کی وجہ سے تین ہفتے ہسپتال بھی زیرعلاج رہے۔ اگرچہ چند دن قبل ان کا کرونا ٹیسٹ منفی آگیا تھا لیکن وہ جسمانی کمزوری کی وجہ سے گذشتہ روز وفات پاگئے۔
مرحوم شاہنواز خان کا ناروے سمیت بیرون ممالک اور پاکستان میں وسیع حلقہ احباب ہے اور ان کی وفات پر گذشتہ روز سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
مرحوم کی میت تدفین کے لیے آئندہ چند دن میں ناروے سے پاکستان لے جائی جائے گی جہاں راولاکوٹ آزاد کشمیر میں واقع کے انکے گاؤں سردی بھلگران میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی و تدفین ہوگی۔