(اوسلو (نیوز ڈیسک
پاکستان پیپلزپارٹی ناروے کے سینئر رہنماء جاوید اقبال نے کہاہے کہ نارویجن کشمیری رہنماء مرحوم سردار شاہنواز خان ایک وسیع القلب اور وسیع المزاج انسان تھے اور اسی وجہ سے ہمارے دل میں ان کا احترام قائم رہے گا۔
انہوں نے یہ بات نارویجن پاکستانیوں کے امور پر نظر رکھنے والے پاکستانی صحافی و دانشور ڈاکٹر سید سبطین شاہ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
جاوید اقبال نے کہاکہ سردار شاہنواز خان پی پی پی پی کے دیرینہ ساتھی و مربی تھے اور وہ اپنی اکثر تقاریر میں پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار بھٹو کا تذکرہ کرتے تھے۔ وہ اس بھٹو کے شیدائی تھے جس نے غریبوں کی بات کی اور غریبوں کے لیے اپنی جان تک قربان کردی۔
انہوں نے کہاکہ سردار شاہنوازخان اپنے آبائی علاقے راولاکوٹ آزاد کشمیر میں ایک باوقار خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور ان کی کاموں اور اچھے رویے کی وجہ سے انہیں لوگ قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ وہ شروع سے ہی پی پی پی سے وابستہ تھے اور وہ اپنے اس سیاسی نظریہ سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔
سردارشاہنواز خان کے ناروے میں عام لوگوں کے ساتھ رویے کے بارے میں انہوں نے کہاکہ وہ ایک مہربان اور شفیق انسان تھے، انکی خاندانی تربیت کی جھلک ان کی شخصیت میں نمایاں طور پر نظر آتی تھی۔
ڈاکٹر سید سبطین شاہ جو متعدد بار سردار شاہنواز خان اور ان کے فرزند سردار علی شاہنواز خان سے مل چکے ہیں، نے مرحوم سردار شاہنواز خان کے بارے میں جاوید اقبال کے تاثرات کی تائید کی۔
جاوید اقبال نے کہاکہ مرحوم سردار شاہنواز خان، مرحوم یوسف خان اور مرحوم مرزا ذوالفقار ناروے میں پی پی پی کے پہلے پہلے لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے ہمیشہ اس پارٹی سے وابستگی رکھی اور ان کے ساتھیوں میں ارشد علی، الیاس کھوکھر اور میاں محمد اسلام جیسے لوگ آج بھی موجود ہیں۔
جاوید اقبال نے کہاکہ ہمیں سردار شاہنواز خان کی وفات کا بہت دکھ اور ہم ان کے خاندان کے اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم جوار رحمت میں جگہ دے، امین
یادرہے کہ مرحوم شاہنوازخان جو گذشتہ روز ناروے میں وفات پاگئے تھے، کی میت بہت جلد پاکستان لے جائی جائے گی جہاں ان کے آبائی گاؤں سردی بھلگران واقع راولاکوٹ آزاد کشمیر میں تدفین ہوگی۔
نارویجن پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے اور پاکستان کے مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤوں نے سردارشاہنوازخان کی وفات پر انکے فرزند سردار علی شاہنواز خان اور خاندان کے دیگر افراد سے رابطہ کرکے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی مغفرت کی دعا کی ہے۔