ناروے: علی شاہنوازخان کے والد سردار شاہنوازخان دنیائے فانی کو وداع کہہ گئے

مرحوم سردارشاہنوازخان

(اوسلو (خصوصی تحریر

تقریباً ایک سال ہونے کو ہے کہ  کرونا کی بیماری نے انسان کی نقل و حرکت کو منجمد کرکے رکھ دیا۔ دنیا کی بڑی بڑی طاقتیں اس بیماری کی وجہ سے سنگین نقصانات کا سامنا کررہی ہیں۔ یہ بیماری جانے کا نام ہی نہیں لے رہی۔ آئے دن اس وائرس کی ویکسین کی آمد کا اعلان بھی ہورہا ہے لیکن عملی طور پر اس حوالے سے کسی کاروائی کے آثار نظر نہیں آرہے۔

کرونا کی وباء نے ابتک کئی گھر اجاڑ دیے ہیں۔ قیمتی قیمتی لوگ وفات پاگئے ہیں۔ آج جمعرات کو ایسی ایک افسوسناک خبر فیس بک پر شائع ہوئی۔ اگرچہ ہرانسان کو اس دنیا سے جانا ہے لیکن بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں جو جاتے ہوئے دوسروں کو دکھی و رنجیدہ کرتے دیتے ہیں۔ یہ خبر کشمیرسکینڈے نیوین کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سردارعلی شاہنواز خان کے فیس بک پیج پر تھی کہ ان کے والد محترم سردار شاہنواز خان اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ اگرچہ 83 سالہ بزرگ شاہنوازخان پچھلے بیس دن میں کرونا سے لڑنے میں کامیاب ہوگئے تھے لیکن کمزوری کی وجہ سے جانبر نہ ہوسکے اور رب باری تعالیٰ کو پیارے ہوگئے۔

 مرحوم ایک شایستہ طبیعت کے انسان تھے۔ ان کی گفتگو ہمیشہ انتہائی مؤدبانہ اور مدبرانہ ہوتی تھی۔ اگرچہ وہ راولاکوٹ کے علاقے سردی بھلگران کے ایک زعیم تھے لیکن وہ ہرکسی سے بڑے پیار سے بات کرتے تھے۔ ان میں کوئی تکبر نہیں تھا۔ اس زمانے میں گریجویشن کی جس زمانے میں پاکستان اور آزاد کشمیر میں بہت ہی کم گریجویٹس تھے۔

مرحوم سردار شاہنواز خان کا شمار سابق صدر آزاد کشمیر غازی ملت سردار ابراہیم کے قریبی ساتھیوں مین ہوتا تھا۔ وہ پچیس سال کی عمر میں ضلع پونچھ میں اپنی علاقائی کونسل (مقامی حکومت) کے چیئرمین بھی رہے  اور اسی وجہ سے انہیں علاقے میں اب بھی چیئرمین صاحب کے نام سے یاد کیا جاتا تھا۔

مرحوم سردار شاہنواز خان نے ستر کی دہائی میں آزادکشمیر سے ناروے آکر بھی اپنی سیاسی و سماجی کام جاری رکھے۔ ان کی پیپلزپارٹی سے وابستگی تھی۔ خاص طور پر وہ سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بہت حامی تھے۔ سماجی خدمات کا جذبہ انہوں نے اپنی اولاد میں بھی منتقل کیا اور یہی وجہ ہے کہ ان کے فرزند علی شاہنواز خان طویل عرصے ناروے میں کشمیرکاز کے لیے کام کررہے ہیں۔ خاص طور ان کی تنظیم کشمیرسکینڈے نیوین کونسل مسئلہ کشمیر کو نارویجن پارلیمنٹ سمیت کئی سرکاری اور نجی فورموں پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

مرحوم سردار شاہنوازخان نے اپنے آبائی علاقے میں بہت سے فلاحی کام کروائے جن میں پانی کے پائپ لائنز، سڑکوں کی تعمیر، مسجد اور کئی مستحق لوگوں کی امداد بھی شامل ہے۔

وہ پاکستان میں فرقہ واریت کے بہت خلاف تھے اور اس کی جھلک ان کی شاعری میں بھی پائی جاتی تھی۔ اسی حوالے سے ان کا شعر ہے، “کامر کے بس میں نہ تھا کہ ۷۲ میں ڈھنودتا ۔ ہرگھر دیوار تھی کوئی در نہ تھا۔”

انہوں نے ناروے میں مسئلہ کشمیر کے لیے بھی بہت کام کیا اور ناروے میں مقیم کشمیریوں کے فلاح و بہبود کے لیے کشمیر ویلفیئرسوسائٹی قائم کی۔

نارویجن پاکستانی کمیونٹی سے وابستہ کئی افراد نے سردارشاہنواز خان کی وفات پر بہت دکھ اور افسوس کیا اظہار کیاہے۔

نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے امور میں دلچسپی رکھنے والے پاکستانی دانشور و صحافی ڈاکٹر سید سبطین شاہ نے سردارشاہنوازخان کے بارے میں بتایاکہ انہوں نے مرحوم کو ایک انتہائی شفیق اور مدبر انسان پایا اور اسی وجہ سے لوگ ان کی پیاری باتوں کو فراموش نہیں کرسکتے۔

پیپلزپارٹی ناروے کے جنرل سیکرٹری علی اصغر شاہد جو مرحوم سردارشاہنواز خان سے قربت رکھتے تھے، کہتے ہیں کہ مرحوم  کی شاعری اور خطابات میں ھمیشہ کشمیر اور ذوالفقار علی بھٹو شہید کا ذکر رھا۔ مرحوم کچھ عرصہ ادبی سنگت ناروے کا بھی حصہ رھے اور اپنی اردو اور انگریزی شاعری سے دوستوں کو محظوظ کرتے رھے۔

بقول اصغر شاہد، پیپلزپارٹی ناروے کے قائدین نے باقاعدہ ایک مشترکہ تعزیتی بیان جاری کیا ہے۔ ان رہنماؤوں میں پارٹی کے  ناروے میں صدر چوہدری جہانگیر نوازگیلانہ، جنرل سیکرٹری اصغر شاھد، سیئنر نائب صدر چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں،  نائب صدر چوہدری محمد اشرف، انفارمیشن سیکرٹری راجہ عاشق حسین، جوائنٹ سیکرٹری عثمان اصغر، نائب صدر یورپ فاروق پسوال، سینئر رھنما میاں محمد اسلام، محمد الیاس کھوکھر، حاجی رفیع اللہ،  راجہ محمد سلیم، خالد اسحاق دھنیال اور دیگر اراکین مجلس عاملہ شامل ہیں۔ دعا ہے کہ رب کریم مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، امین۔

 

مرحوم شاہنوازخان کی پی پی پی ناروے کے سابق جنرل سیکرٹری مرحوم مرزا ذوالفقار کے ساتھ ایک مظاہرے کے دوران یادگار تصویر۔

 تصویر میں بائیں جانب سماجی شخصیت راشد اعوان اور عقب میں پی ایم ایل ن ناروے کے رہنماء نذیرخالدبٹ بھی نمایاں ہیں۔

 

Recommended For You

Leave a Comment