Chairman Pakistan Union Norway Ch Qamar Iqbal
(اوسلو (پ۔ر
پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے کہا ہے کہ سابق سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کا بیان انتہائی افسوسناک اور اشتعال انگیز ہے۔
اپنے ایک بیان میں چوہدری قمراقبال نے کہاکہ ایازصادق نے ایسا متنازعہ بیان دے کر ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ یہ انتہائی قابل گرفت بیان ہے۔ انہوں نے نہ صرف فوج کا مورال کم کرنے کی کوشش کی ہے بلکہ قومی سلامتی کے امور پر غیرذمہ دارانہ حرکت کی ہے۔
قمراقبال نے مزید کہاکہ پاکستان کی فوج واحد مضبوط اور منظم ادارہ ہے اور اس ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش سے ملک کے استحکام اور سلامتی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ دنیا میں کوئی بھی ایسا ملک نہیں، جہاں کے لوگ اپنی فوج کے خلاف بات کرتے ہوں۔ دیگر ممالک کے لوگ ان باتوں سے گریز کرتے ہیں جو ملکی مفاد کے خلاف ہوں۔ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں کے سیاستدان ملکی مفاد اور قومی سلامتی کا خیال نہیں رکھتے۔ پاکستانی سیاستدان ایسے متازعہ باتیں کہہ جاتے ہیں جو دیگر ممالک کا عام آدمی بھی نہیں کرتا۔ خدارا ایسے غیرذمہ دارانہ اور ناشائستہ بیانات کا سلسلہ بند کیا جائے۔
اس طرح کے بیانات سے پاکستان کے سادہ عوام کے اذہان میں بھی انتشار پیدا ہوتا۔ خاص طور پر جب لوگ اپنے سیاسی لیڈروں کی پیروی کرتے ہیں تو ان کے غیرذمہ دارانہ بیانات کو بھی سنجیدگی سے لے لیتے ہیں۔ اس سے لوگوں کے ذہنوں میں خدشات اور نفرتیں پیدا ہوتی ہیں جو قومی مفادات کے لیے خطرناک ہیں۔
چیئرمین پاکستان یونین ناروے نے مزید کہاکہ ایازصادق کے بیان کو بھارتی میڈیا نے بھی پاکستان کے خلاف منفی پروپگنڈے کے لیے استعمال کیا ہے۔ اگر کوئی پاکستانی سیاستدان پاکستان کی فوج کے خلاف بیان دیتا ہے تو یہ بات بھارت کے مفاد ہے۔ خاص طور پر بھارت میں مودی کی متعصب حکومت اس سے ناجائز فائدہ اٹھا سکتی ہے۔
پاکستانی سیاستدانوں سے گزارش ہے کہ اپنے اختلافات کو ملک و قوم کی بدنامی کے لیے استعمال نہ کریں۔ جہاں ملک کا مفاد ہو، وہاں اس قسم کے متنازعہ بیانات سے گریز کریں۔
چوہدری قمراقبال نے حکومت سے بھی زور دے کر کہا کہ ملکی و قومی مفادات کے خلاف اس طرح کے بیانات دینے اور قومی مفادات کے خلاف کام کرنے والے افراد کے لیے سخت سزا متعین کی جائے تاکہ اس طرح کے پاکستان مخالف اور فوج سمیت قومی اداروں کے خلاف کھلم کھلا بیانات کا سلسلہ بند ہوجائے۔