(اوسلو (پ۔ر
پاکستان پیپلزپارٹی ناروے سے وابستہ اہم سماجی شخصیت چوہدری عجب خان نے تحصیل کلرسیداں کے علاقے سہوٹ کلیال سے تعلق رکھنے والی متحرک شخصیت چوہدری محمد رضوان کو ضلع میں پی پی پی کے سپورٹس ونگ کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی ہے اور ان کے انتخاب کو علاقے کے لوگوں کے مفاد اور خصوصاً نوجوانوں کی صحت افزاء سرگرمیوں کے حوالے سے نیک شگون قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ چوہدری محمد رضوان چوہدری محمد ضمیر مرحوم (سابق تحصیل سربراہ پی پی پی، ریٹائرڈ پولیس آفیسر) کے سیاسی جانشین بھی ہیں جو طویل عرصے تک علاقے میں سیاسی سماجی خدمات انجام دینے کے بعد چند روز قبل دنیائے فانی سے رخصت ہوگئے۔
چوہدری عجب خان نے اپنے بھائیوں چوہدری مظہرحسین اور چوہدری نذر کے ہمراہ ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ سہوٹ کلیال، کلرسیداں کے لوگ چوہدری محمد ضمیر کو کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے اور لوگوں میں ان کی محبوبیت کا اندازہ ان کے جنازے میں شریک کثیرتعداد کے احساسات سے لگایا جاسکتا ہے۔
چوہدری عجب خان جو گذشتہ روز ہی چوہدری محمد ضمیر جو رشتے میں ان کے چچا تھے، کی تعزیتی رسومات میں شرکت کرکے پاکستان سے واپس ناروے آئے ہیں، کا کہنا ہے کہ چوہدری ضمیر جیسے لوگوں کا خلا پر کرنا بہت مشکل ہے البتہ ان کے نواسے چوہدری محمد رضوان ان کے سیاسی و سماجی جانشین ہونے کی حیثیت سے لوگوں کے سماجی مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہیں گے۔
یاد رہے کہ چوہدری عجب خان کے والد مرحوم چوہدری محمد نذیر خان اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے پہلے صدر تھے اور ان کے دیگر فرزندان میں چوہدری مظہرحسین اور چوہدری نذر خان بھی ناروے میں مقیم ہیں۔ کلرسیداں کے علاقے سہوٹ کلیال اور ناروے کی پاکستانی کمیونٹی میں اس خاندان کو ان کی ملنساری، خلوص اور سماجی خدمات کی وجہ سے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔