بدرمرجان روڈ چوہدری پرویزالٰہی نے ہماری درخواست پر تعمیر کروایا تھا، ملک پرویز نمبردار

اوسلو (پ۔ر)

پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک پرویز مہر نمبردار آف بدرمرجان تحصیل کھاریاں نے کہاہے کہ بدرمرجان روڈ اس وقت کے وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی  نے جو اب سپیکرپنجاب اسمبلی ہیں، ہماری درخواست پر تعمیر کروایا تھا۔

ناروے سے اپنے ایک وضاحتی بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ بدرمرجان گاؤں کے لوگ اپنے گاؤں کی گلیوں اور چوراہوں کی حفاظت اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ چونکہ بدرمرجان روڈ جو گلیانہ تک جاتا ہے، سابقہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ  کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے تعمیر ہوا اور اس کا فائندہ نہ صرف بدرمرجان کے لوگوں کو ہوا بلکہ اس روڈ پر موجود بہت سے دیہاتوں کے لوگ بھی اس سے مستفید ہورہے ہیں۔

ملک پرویز مہر نے کہاکہ آج روڈ کی اس سہولت سے جلال پور جٹاں اور اعوان شریف تک کے لوگوں کو سفری فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمیں اس کام کے لیے کسی سے شاباش لینے کی ضرورت نہیں بکہ رفاہ عامہ کے ان کاموں کی شاباش اور اجر اللہ تعالیٰ ہی دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں تو صرف تاریخی ریکارڈ کی درستگی اور نئی نسل کی آگاہی کے لیے یہ بتانا ضروری سمجھتا ہوں کہ چوہدری پرویز الٰہی (جو اس وقت وزیراعلیٰ پنجاب تھے) ۲۰۰۳ء میں پاکستان یونین ناروے دعوت پر ناروے تشریف لائے تھے۔ ان کے ناروے میں قیام کے دوران بدرمرجان کے روڈ کی تعمیر اور سوئی گیس کی سہولت کی فراہمی کے لیے میں نے ان سے (وزیراعلیٰ) سے گزارش کی تھی جس کا انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنی واپسی پر روڈ کی تعمیر کے لیے پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ایک درخواست بھی طلب کی تھی تاکہ اس کی بنیاد پر اس کام کےلیے باقاعدہ متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی جاسکیں۔

ملک پرویز مہر نے مزید بتایاکہ چوہدری پرویزالہی نے ناروے سے پاکستان واپسی پر فوری طور پر ہی روڈ کی تعمیر کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کروایا تھا۔ لہذا میں سمجھتا ہوں، اس منصوبے کی تکمیل میں میرا کوئی کریڈٹ نہیں، یہ کام اللہ تعالیٰ نے مجھ سے لینا تھا اور اس کا کریڈٹ پورے علاقے کے لوگوں کو جاتا ہے جن کی یہ دیرینہ خواہش پوری ہوئی۔

اللہ تعالی ہم سب کا حامی و ناصر ہو، امین۔

 

Recommended For You

Leave a Comment