کرونا کی قیامت خیزی میں بھی چکربازیاں جاری: ناروے کیلئے پی آئی اے نے اپنی سائیٹ سے خصوصی پروازوں کی ٹکٹیں غائب کردیں

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)

کرونا وائرس کی قیامت خیز مصیبت میں بھی پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) والے اپنی پرانی عاداتوں سے باز نہیں آئے۔ انہی چکربازیوں میں کمپنی کے حکام نے ڈنمارک اور ناروے کے لیے آٹھ اور ۹ اپریل کی خصوصی پروازوں کی ٹکٹیں آئرلائن کی ویب سائیٹ سے غائب کردیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں ناروے کے سفارتخانے نے ہفتے کے روز ایک بیان جاری کرکے پاکستان میں رکے ہوئے ناروے اور ڈنمارک کے شہریوں کو خوشخبری دی تھی کہ پی آئی اے کے تعاون سے اوسلو کے لیے ۹ اپریل اور کوپن ہیگن کے لیے آٹھ اپریل کو یہ خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی اور ان کے ٹکٹس ہفتہ چاراپریل کی شام چھ بجے سے پی آئی اے کی ویب سائیٹ سے فراہم ہوجائیں گے۔

اب پی آئی اے کی ویب سائیٹ پر ان تاریخوں پر ناروے اور ڈنمارک کی ٹکٹیں میسر نہیں اور نہ ہی اس بارے میں سائیٹ پر کوئی وضاحت کی گئی ہے۔

ادھر اسلام آباد میں ناروے کے سفارتخانے کی ویب سائیٹ پر ہفتے کی شام ایک نئی تحریر سامنے آئی ہے جس کے مطابق، پی آئی اے والوں نے کہا ہے کہ ۹ اپریل کی تمام ٹکٹیں ہفتے کی شام چھ بجے سائیٹ پر اوپن ہوتے ہی فروخت ہوگئی ہیں۔ سفارتخانے کے بقول، پی آئی اے والوں نے کہا ہے کہ اب آٹھ اپریل کو ڈنمارک جانے کے لیے اور ۹ اپریل کو ناروے جانے کے لیے ٹکٹیں پاکستان اور ناروے میں پی آئی اے کے دفاتر اور ٹریول ایجنٹس فراہم کریں گے۔ کرونا وائرس کی اس کشمکش میں پی آئی اے والوں نے خصوصی پروازوں کے مسافروں کے لیے ٹکٹوں کا حصول بھی محال بنا دیا ہے۔ یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر ویب سائیٹ کے ذریعے ساری ٹکٹیں آناً فاناً فروخت ہوگئی ہیں تو پھر ایجنٹس اور پی آئی اے کے دفاتر کس طرح ٹکٹ فراہم کریں گے۔

بعض ذرائع نے بتایاکہ ٹریول ایجنٹس اور پی آئی اے والے خصوصی پروازوں کے اس یکطرفہ ٹکٹ کو انتہائی مہنگے داموں فروخت کرکے ناروے اور ڈنمارک جانے والے مجبور مسافروں کی مجبوری سے فائدہ اٹھائیں گے۔

یہ ایسے وقت ہورہا ہے جب پاکستان میں تمام قوم حکومت کے ساتھ مل کر کرونا وائرس سے لڑرہی ہے اور مخیر حضرات دل کھول کر غریبوں اور مستحقین کی مدد کررہے ہیں۔ حتیٰ علماء حضرات لوگوں کو خدا کا خوف دلارہے اور انہیں گناہوں سے استغفار کی دعوت دے رہے ہیں۔

سفارتخانے کے نئے بیان میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ پی آئی اے کی ویب سائیٹ بھی دیکھتے رہیں، شاید بعد میں سائیٹ پر ہی کوئی ٹکٹ میسر ہوجائے۔

اس سے قبل پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں نارویجن سفارتخانے کے ایک بیان میں کہاگیا تھا کہ پاکستان سے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کے لیے آٹھ اپریل کو اور ناروے کے دارالحکومت اوسلو کیلئے ۹ اپریل کو پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔

سفارتخانے کی ویب سائیٹ پر شائع ہونے والے اس بیان کے مطابق، اس سلسلے میں پی آئی اے کی ویب سائیٹ چار اپریل شام چھ بجے سے ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں:

https://www.piac.com.pk

بیان میں کہاگیا تھا کہ یہ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی نہیں بلکہ خصوصی فلائٹس ہیں جن کا مقصد پاکستان میں رکے ہوئے نارویجن شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

دونوں فلائٹس اپنے مقررہ ایام میں دن گیارہ بجے اپنے اپنے روٹس کی طرف روانہ ہونگی جبکہ ائرپورٹ پر پہنچنے کے لیے مسافروں کو اپنا بندوبست خود کرنا ہوگا۔ اسی طرح ناروے پہنچنے کے بعد بھی انہیں ائرپورٹ سے گھر تک اپنا انتظام کرنا ہوگا۔

بیان میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ اگر کسی کو اسلام آباد ائرپورٹ تک پہنچنے میں مشکل ہو تو وہ نارویجن سفارتخانے سے رابطہ کرکے ایک خط لے سکتا ہے تاکہ اسے ائرپورٹ تک راستے میں دشواری نہ ہو۔ البتہ اس خط کے لیے ٹکٹ کا ہونا ضروری ہے۔

ائرپورٹ پر ٹکٹ اور پاسپورٹ کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ مسافروں کی سکریننگ کی بھی جائے گی اور جن مسافروں میں کرونا وائرس یعنی کوویڈ ۱۹ کی علامات ہوں گی، وہ سفر نہیں کرسکیں گے۔

بیان میں یہ بھی کہاگیا تھا کہ جو کوئی بھی بیرون ملک سے ناروے آئے گا، اسے چودہ دن تک لازمی قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔

سفارتخانے نے یہ بھی کہاہے کہ ناروے پہنچنے والے مسافر اپنی اطلاع اس ویب سائیٹ پر فراہم کریں:

The embassy said, after leaving Pakistan, we appreciate you updating your information at https://www.reiseregistrering.no/ .

فلائٹس کے بارے میں نارویجن سفارتخانے کا لینک ملاحظہ فرمائیں:

https://www.norway.no/en/pakistan/norway-pakistan/news-events/news2/fly-fra-islamabad-til-kobenhavn-og-oslo/

Recommended For You

Leave a Comment