بفہ۔مانسہرہ کا مشہور معمر کبابی ’’جمعہ خان‘‘ کباب کے لاجواب ذائقہ کے ساتھ کئی عشروں سے براجماں ہے
مانسہرہ سے سید سبطین شاہ کی ڈائری
اس معمرکبابی کا نام جمعہ خان ہے اور ان کی عمر اس وقت تقریباً۹۵ سال ہے۔ جمعہ خان کہتے ہیں کہ جب پاکستان بنا تو وہ ۲۲ سال کے تھے۔ چند عشرے قبل مردان سے آکر مانسہرہ شہرسے بیس کلومیٹر دور بفہ کے چھوٹے سے شہر میں آکر آباد ہوئے اور یہاں کباب فروشی کا کام شروع کیا۔
گذشتہ ہفتے ڈاڈر۔مانسہرہ میں بھگرمنگ میں اپنے جد حضرت شہید سلطان محمد شاہ بخاریؒ کے مزار سے واپس آتے ہوئے بفہ میں جمعہ خان سے راقم کی خصوصی ملاقات ہوئی اور ان کی دوکان سے کباب خریدنے کا موقع ملا۔ اسی موقع پر اسی دوکان کے ساتھ ایک اور جمعہ خان کی دوکان سے بفہ کا مشہور کھویا بھی خریدا جو لذت میں اپنی مثال آپ ہے۔ دودھ اور شکر سے تیارکردہ بفہ کا کھویا اسی طرح ہے جس طرح ملتان کو سوہن حلوہ اور خوشاب کا ڈوڈا مشہور ہے۔
جمعہ خان کبابی آپ کے سامنے آپ کی مرضی کے مطابق، گوشت کاٹتے ہیں اور تازہ گوشت کا قیمہ بناکر آپ کے سامنے خوش ذائقہ کباب بناتے ہیں۔ کباب بنانے میں ان کے بیٹے محمد علی ان کی معاونت کرتے ہیں۔
جمعہ خان کہتے ہیں کہ ۲۰۰۵ میں بفہ میں بھی زلزلہ آیا اور لوگوں نے حکومت سے مالی مدد لے کر اپنے مکانات بنائے لیکن ان کا مکان ابھی تک نہیں بن سکا۔