پارلیمانی کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر کیلیے سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ سےممبر الیکشن کمیشن کیلئے نثار درانی اور بلوچستان سےشاہ محمد جتوئی کےنام پر اتفاق ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ تینوں ناموں پر اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان نے فیصلہ کیا جو خوش آئند ہے، اسی روایت کو آگے لے کر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نام آج وزیر اعظم کو بھیج دئیے جائیں گے۔
سکندر سلطان راجا کی زندگی پر ایک نظر
ڈاکٹر سکندر سلطان راجا ضلع سرگودھا کے گاؤں بھیرہ میں پیدا ہوئے ۔ان کے والد آرمی افسر تھے۔
انہوں نےابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی اسکول بھیرہ،میٹرک اور ایف ایس سی کیڈٹ کالج حسن ابدال سے کیا۔
ایم بی بی ایس کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے کیا۔ایل ایل بی کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی۔
ڈاکٹر سکندر سلطان راجا نے سی ایس ایس 1987 میں کیا اور ڈی ایم جی/پی اے ایس گروپ میں شامل ہوئے۔ کیریئر کا آغاز اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کی حیثیت سے کیا۔
اپنی ملازمت کے دوران ڈاکٹر سکندر سلطان راجا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ،ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب، صوبائی سیکریٹری مواصلات اینڈ ورکس پنجاب،صوبائی سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی ، صوبائی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ پنجاب کے اہم عہدے پر فائز رہے۔
وہ وفاقی حکومت میں ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
ڈاکٹر سکندر سلطان راجا چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور چیف سیکریٹری آزاد کشمیر کی خدمات بھی انجام دے چکے ہیں۔
وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم ، سیکریٹری سیفران بھی رہے۔ڈاکٹر سکندر سلطان راجا حال ہی میں سیکریٹری/چیئرمین ریلوے کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں