اوسلو (پ۔ر)
پاکستان پیپلزپارٹی ناروے کے زیراہتمام پارٹی کے 52 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں تقریب یہاں اوسلو میں پارٹی آفس میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز مرزا مخلص رحمان نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ صدارت پی پی ناروے کے صدر چودھری جہانگیر نوازگلیانہ نے کی جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی سابق ایم این اے اور محترمہ بےنظیر بھٹو شہید کے قریبی ساتھی زمرد خان تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زمرد خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا یوم تاسیس تجدید عہد کا دن ھے۔ پیپلز پارٹی آج سے 52 سال پہلے پاکستان کے محنت کشوں، مزدوروں، کسانوں اور نچلے طبقے کی آواز بنی۔
زمرد خان جو مستحق اور نادار بچوں کی پرورش و تربیت کے ادارے پاکستان سویٹ ہومز کے سربراہ بھی ہیں، نے کہا کہ آج پاکستان میں مہنگائی عروج پر ھے۔ بےروزگاری میں اضافے سے چوری چکاری۔ ڈاکہ زنی اور ھر قسم کے دیگر جرائم میں اضافہ ھوا ھے۔
پی پی پی ناروے کے صدر چودھری جہانگیر نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے ریاستی جبر کا مقابلہ ھر دور میں کیا ھے اور کسی آمر کے آگے سر نہیں جھکایا۔ انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے پاکستان کے پس ماندہ طبقات کو شعور دیا اور آج بھی یہ پارٹی ملک کے پسے ہوئے طبقات کے امید ہے۔ یہ شہیدوں کی جماعت ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بے نظیربھٹو نے ملک و قوم کے لیے اپنے جان تک نچھاور کردی۔
پیپلز پارٹی ناروے کے سینئر نائب صدر علی اصغر شاھد نے کہا کہ دنیا بھر میں چلنے والی جمہوری تحریکوں میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جمہوری جدوجہد ایک عمدہ مثال ھے۔ پارٹی کے ورکرز سے لے کر راھنماؤں تک نے جمہوریت کی آبیاری اپنے خون سے کی ھے۔
پی پی پی ناروے کے انفارمیشن سیکرٹری چوہدری اسماعیل سرور نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو اپنی والدہ محترمہ بےنظیر بھٹو شہید اور نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے موجودہ کٹھ پتلی حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رھے ھیں۔
نائب صدر چودھری فاروق پسوال نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو محض الزامات کی بنیاد پر جیل میں رکھ کر پیپلزپارٹی کو اٹھارہویں آئینی ترمیم پر بلیک میل نہیں کیا جا سکتا۔
تقریب میں شریک مختلف طبقہ فکر کے افراد نے پاکستان پیپلزپارٹی کی جمہوریت کے لیے جدوجہد کو سراہا اور خاص طور پر پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی عظیم دختر شہید محترمہ بے نظیربھٹو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر پی پی پی ناروے کے سابق جنرل سیکرٹری مرحوم مرزا محمد ذوالفقار کی پارٹی کے لیے ناروے میں طویل خدمات کو بھی سراہا گیا اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔ نظامت کے فرائض علی اصغر شاھد نے انجام دیئے۔ تقریب کے دوران جو دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھیں، ان میں شیخ طارق محمود، جاویداقبال (پی پی پی)، چوہدری جاوید دینہ چک، چوہدری ساجد مہدی، چوہدری شبیر حسین، برھان چشتی عرف بوبو، قمرعباس ٹوانہ، اقبال بھاگو، اشتیاق برنالی اور محسن رضا قابل ذکر ہیں۔
تقریب کا پہلا حصہ پاکستان سویٹ ہومز کی فنڈ ریزنگ کے لیے مختص تھا جس کے دوران زمرد خان نے شرکاء کے توسط سے نارویجن پاکستانیوں سے ادارے کی امداد کے لیے اپیل کی۔ پاکستان سویٹ ہومز ایک ایسا ادارہ ہے جو مستحق اور نادار بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے کام کررہا ہے خاص طور ادارے کا مشن ہے کہ ان بچوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم اور علاقائی و فرقہ وارانہ تعصب سے بالاتر ہوکر بلاتفریق رنگ و نسل اچھی تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ پاکستان کے مفید اور کارآمد شہری بن سکیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی تواضع کے لیے طعام کا اہتمام کیا گیا تھا۔