اوسلو (خصوصی رپورٹ)
ناروے میں ایک سیمینار کے دوران مقررین نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے معاشرے میں خواتین کو ان کا جائز مقام دیا جائے۔ آدھی سے زیادہ آبادی خواتین کی ہے لیکن انہیں مردوں کے مقابلے میں بہت کم مواقع میسر ہیں۔
سیمینار کا اہتمام پاکستان فیملی نیٹ ورک ناروے نے کیا جس کے دوران پاکستان کی تین بڑی خواتین محترمہ فاطمہ جناح، شہید بے نظیربھٹو اور مرحومہ عاصمہ جہانگیر کے کردار کو موضوع بحث بنایا گیا۔
تقریب کے دوران نظامت کے فرائض فیملی نیٹ ورک کے صدر نثار بھگت نے انجام دیئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نارویجن پاکستانی سیاستدان ٹینا شگفتہ نے کہاکہ پاکستان میں انسانی حقوق بشمول خواتین کے حقوق کے لیے محترمہ فاطمہ جناح، شہید بے نظیر بھٹو اور عاصمہ جہانگیر کی جدوجہد مثالی ہے۔ انھوں نے اس حوالے سے نارویجن زبان میں ایک مضمون بھی پڑھ کر سنایا۔
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) ناروے کے سینئرنائب صدر علی اصغرشاہد نے کہاکہ فاطمہ جناح ایک بہادر خاتون تھیں جنہوں نے پاکستان کے حصول کی جدوجہد میں اپنے بھائی قائداعظم محمد علی جناح کا ساتھ دیا اور پھر بعد میں ایوب خان جیسے آمر کا بھی مقابلہ کیا۔
انھوں نے کہاکہ محترمہ بے نظیربھٹو کی جمہوریت کے لیے جدوجہد اور عاصمہ جہانگیر کی انسانی حقوق کے لیے کاوشوں کی بھی کوئی نظیر نہیں ملتی۔
ناروے میں مقیم پاکستانی دانشور ڈاکٹر سید ندیم حسین نے کہاکہ فاطمہ جناح، بے نظیر بھٹو اور عاصمہ جہانگیر کو خاندانی طور پر بھی ایک اچھا ماحول میسر ہوا اور انھوں نے کھل کر جدوجہد کی۔ پاکستان میں خواتین کو آگے آنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرہ ترقی کرسکے۔
پاکستانی نژاد شاعر خالد تھتھال نے کہاکہ ستر سالوں سے یہی صورتحال چل رہی ہے، ملک جمود کا شکار ہے۔خواتین کے کردار کے بغیر پاکستان کو ترقی نہیں مل سکتی۔
ویژن فورم کے صدر اور روشن خیال شخصیت ارشد بٹ بٹ نے کہاکہ پاکستان میں خواتین کو مردوں کے برابر روزگار کے مواقع نہیں دئیے جاتے۔ خواتین کی آبادی آدھی سے زیادہ ہے لیکن ملک میں ان کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔ انھوں نے کہاکہ فاطمہ جناح، بے نظیربھٹو اور عاصمہ جہانگیر کے کردار پاکستانی خواتین کے لیے مشعل راہ ہیں۔
سیمینار کے دوران پاکستان سے آئے ہوئے تین طلبہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ طالبات تعلیم کے میدان میں بڑی تیزی سے آگے آرہی ہیں اور امید ہے کہ آئندہ آنے والے وقت میں پاکستان کے معاشرے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز گلیانہ بھی موجود تھے جنہوں نے تقریب کے بعد اپنے تاثرات میں کہاکہ محترمہ فاطمہ جناح، شہید بے نظیربھٹو اور مرحومہ عاصمہ جہانگیر نے اپنے اہم کردار سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔