اوسلو (خصوصی رپورٹ)
پاکستان پیپلزپارٹی ناروے کے جنرل سیکرٹری اور سماجی تنظیم اسلام آباد۔روالپنڈی سوسائٹی کے صدر مرزا محمد ذوالفقار کی میت کو اتوار کے روز سینکڑوں سوگواروں کی موجود میں مرحوم کے آبائی قبرستان واقع گاؤں ’’ڈھوک مغلاں‘‘ تحصیل گجرخان، ضلع راولپنڈی میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔
گجرخان شہر اور اطراف کے دیہاتی علاقوں کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی شہر اور گجرات، کھاریاں، لالہ موسیٰ اور دیگر شہروں سے بھی لوگ نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ نماز جنازہ کے اختتام پر مرحوم کی مغفرت کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔
نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے افراد میں سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف، سابق چیئرمین سینٹ سید نیئرحسین بخاری، سابق پرنسپل ڈگری کالج راولاکوٹ پروفیسر عبدالقدوس، پرنسپل ڈگری کالج گجرخان پروفیسر عبدالحمید اصغر، سماجی و کاروباری شخصیت راجہ سجاد احمد ربانی، نارویجن کشمیری سیاسی و سماجی چوہدری مختار احمد، نارویجن پاکستانی سماجی شخصیت چوہدری تنویر احمد بھیبلی، سابق صدر اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی ناروے مرزا انوربیگ، اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی کے سینئرمشیر حاجی محمد سعید، مرحوم کے صاحبزادگان زین مرزا اور دنیال مرزا، بھائی مرزا محمد ثقلین، بھتیجے مرزا تیمور نقیبی ، بھانجا محمد بلال ملک، شامل تھے۔ مرحوم کی رخصتی کے مناظر انتہائی رکت آمیز تھے اور ہرایک آنکھ اشکبار تھی۔
سابق صدر اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی ناروے مرزا انوربیگ اور اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی کے سینئرمشیر حاجی محمد سعید نے تنظیم کی طرف سے مرحوم کی قبر پر پھول نچھاور کئے اور مرحوم کی سوسائٹی اور نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔
اس سے قبل مرحوم کی میت ائرپورٹ سے ایمبولانس کے ذریعے گاؤں لے جائی گئی اور میت کے ہمراہ خاندان کے لوگ ناروے سے پاکستان آئے۔
مرزا ذوالفقار منگل کے روز ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں مختصر علالت کے بعد وفات پاگئے تھے۔ جمعہ کے روز مسجد مرکزی جماعت اہل سنت میں مرحوم کی نماز جنازہ پڑھائی گئی۔
ناروے میں پاکستان کے سفیر ظہیر پرویز خان نے اپنے تعزیتی بیان میں مرزا ذوالفقار کی بیش بہا سماجی خدمات کو سراہا ہے۔ بیان میں وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی مغفرت کی دعا کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ، ناروے میں سفارت خانہ پاکستان کے ویلفئیر اتاشی خالد محمود صاحب نے اوسلو میں مرحوم کی نماز جنارہ کے موقع پر مرحوم مرزا محمد ذوالفقار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا -ویلفیئر اتاشی نے کہا کہ آج نارویجین پاکستانی کمیونٹی ایک سرگرم سماجی شخصیت اور محب وطن انسان سے محروم ہوگئی ہے۔ مرحوم نے کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے کوششیں بھی کیں اور مسلئہ کشمیر ہو، زلزلہ ہو، سیلاب ہو یا ڈیم فنڈ ہو، بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور دوسروں کو بھی راغب کیا۔
ناروے میں جید عالم دین اور غوثیہ مسلم سوسائیٹی کے خطیب علامہ مفتی محمد زبیر تبسم نے بھی زبردست الفاظ میں مرحوم مرزا ذوالفقار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ مرحوم کی گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے مفتی زبیر تبسم کا کہنا ہے کہ مرزا محمد ذوالفقار کی سیاسی اور سماجی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ وہ ناروے کی ہر دلعزیز اور مقبول شخصیت تھے۔ مخلوق خدا کی خدمت کر کے وہ خوش ھوتے تھے۔ کشمیر کاز کے لئیے ان کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ علامہ مفتی زبیر تبسم نے مزید کہاکہ آج ناروے میں رہنے والا ہرکشمیری اس عظیم پاکستانی اور کشمیریوں کے ہمدرد کی وفات پر افسردہ ھے۔ حالیہ جمعہ کی نماز کے بعد غوثیہ مسلم سوسائیٹی اوسلو میں علامہ مفتی محمد زبیر تبسم نے مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ آخر میں پاکستان اور کشمیری بھائیوں کی کامیابی کے لئے بھی دعاکی گئی۔