اوسلو (پ۔ر)
پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے دارالحکومت اوسلو کے ایک مقامی پاکستانی ریسٹورنٹ میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن گجرات کے چیئرمین چوہدری عدیل ارشد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔
تقریب کا با قاعدہ آغاز تلاوت کلام اللہ مجید سے ہوا جس کی سعادت نارویجن پاکستانی بزرگ شخصیت حاجی غلام حیدر نے حاصل کی۔
تقریب میں پاکستان یونین ناروے کے مشاورتی بورڈ کے اراکین ملک پرویز مہر (سیکرٹری اطلاعات)، چوہدری اکرم سیکریالی، سید ذکی الحسن شاہ، چوہدری اصغر دھکڑ، میاں بشیر حسین، چوہدری احسان حیدر، میر ناصر اور شاہ رخ سہیل اور نارویجن پاکستانی کمیونیٹیز کی سرکردہ شخصیات حاجی غلام حیدر، چوہدری زاہد اسلم، شیخ طارق محمود، طارق محمود وٹور، امتیاز وڑائچ، چوہدری ساجد مہدی اور کوثر دھامہ، پاک۔ناروے فورم کے صدر وسیم شہزاد، مسلم لیگ ق ناروے کے صدر چوہدری شبیرحسین آف مہمند چک، پاکستان ویلفیئر یونین ناروے کے صدر میر فضل حسین، پاک۔ناروے اتحاد یونین کے صدر نجیب اللہ وڑائچ، نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے سینئر رہنماء رانا محمد اسلم اور حلقہ ارباب ذوق ناروے کے سربراہ آفتاب وڑائچ شریک ہوئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے کہاکہ ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی اکثریت کا تعلق کھاریاں گجرات سے ہے اور ان کے مسائل میں ان کی پاکستان میں ان کی املاک پر ناجائز قبضے سمیت بہت سی شکایات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر مسائل بھی ہیں جن کا تعلق نادرا اور دیگر محکمہ جات سے ہے، ان مسائل کا فوری حل بہت ضروری ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن گجرات کے چیئرمین چوہدری عدیل ارشد ان مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے جس سے ان کے حل میں مدد ملے گی۔
انھوں نے تجویز دی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو میڈیا پر بھی اجاگر کیا جائے۔ خاص طور پر جو کیسس اس کمیشن کے ذریعے ابھی تک اپنے منطقی انجام کو پہنچے ہیں، ان کا میڈیا پر آنا ضروری ہے تاکہ اس طرح اوورسیز پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی ہو اور اس طرح کے کیسوں میں ملوث ملزمان کی حوصلہ شکنی ہو۔ اس کے علاوہ انتظامیہ ایسے اقدامات کرے کہ اس طرح کے مسائل پیدا ہی نہ ہوں اور ان کے پیدا ہونے سے پہلے ہی ان کا سدباب کیا جاسکے۔
چوہدری قمراقبال نے چیئرمین اوورسیز کمیشن گجرات کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ اپنے عہدے کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو سستا اور فوری انصاف دلائیں۔ ان کے کیسس ترجیح بنیادوں پر ذاتی دلچسپی لے کر حل کروائیں۔ زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں بے انصافیوں کی وجہ سے اوورسیز پاکستانیوں کی نئی نسل پاکستان جانے سے گریزاں ہے لہذا پاکستان میں ایسا ماحول بنایا جائے کہ اووسیز پاکستانی اپنے بچوں کو لے کر پاکستان جاسکیں۔
چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال نے تقریب مین شریک تمام تنطیموں کے سربراہان اور نمائندگان اور دیگر سرکردہ شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ انہیں کمیونٹی رہنماؤوں کا ہمیشہ تعاون حاصل رہا ہے جس پر وہ ان کے شکرگزار ہیں۔
پاک۔ناروے فورم کے صدر وسیم شہزاد نے بھی ملے جلے خیالات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
انھوں نے خاص طور پر چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال کے باتوں کی تائید کی اور کہاکہ انہیں امید ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ کئی اوورسیز پاکستانی ایسے ہیں جو پاکستان کے حالات سے نالاں ہوکر پاکستان سے اپنا سرمایہ واپس باہر لانا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان میں انہیں تحفظ حاصل نہیں۔ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو اس سے پاکستانی معیشت کو مزید نقصان ہوگا۔
اوورسیز پاکستانیز کمیشن گجرات کے چیئرمین چوہدری عدیل ارشد نے کہاکہ انہیں معلوم ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے بہت سے مسائل پاکستان سے جڑے ہوئے ہیں۔ ان کے دورے کا مقصد بھی ان مسائل کو سننا اور ان کے حل کی تجاویز تلاش کرنا ہے۔ انھوں نے یقین دلایا کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے جائز مطالبات کو حکام بالا تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ چوہدری عدیل ارشد نے کچھ کیسوں کا بھی حوالہ دیاجن کے حل کے لیے اووسیز پاکستانیز کمیشن نے ابتک اقدامات کئے ہیں۔ انھوں نے خاص طور پر پراپرٹی پر قبضے کے حوالے سے ایک کیس کی مثال بھی دی جس کے حل کے لیے انھوں نے ذاتی دلچسپی لی اور اس کا حل تلاش کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انھوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو کم از کم مدت میں حل کروائیں۔ ضلع گجرات کی سطح پر اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کے حوالے سے الگ سیشن جج مقرر ہوگئے ہیں۔ اوورسیز کے زیادہ مسائل اُن کی جائیدادوں پر قبضے، جھوٹے مقدمات وغیرہ شامل ہیں اور میری بھرپور کوشش ہوگی کہ میں انہیں ان مسائل سے نکالوں۔ انہوں نے کہا کہ پٹواریوں، تحصیلداروں، گرداوروں کو پیسے دینے کی بجائے آپ اوورسیز کمیشن ضلع گجرات کے آفس آئیں۔ ہم سے رابطہ کریں۔ ہم آپ کے مسائل ترجیحی بنیادوں اور میرٹ پر حل کرائیں گے اور کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دیں گے۔ اوورسیز پاکستانیوں میں سے کوئی بھی ہمارے پاس اپنا مسئلہ لے کر آئے یا فون پر بات کرکے اپنا مسئلہ پیش کرے، ہم ان کے مسائل کو میرٹ پر حل کرنے کے کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان یونین ناروے کی قیادت اس سے پہلے بھی کئی بار اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو پاکستان میں متعلقہ حکام کے گوش گزار کرچکی ہے۔