ناروے: کاروباری شخصیت حاجی شاہد کی رہائشگاہ پر روحانی محفل: جید علماء مفتی زبیر تبسم و مولانا طاہرعزیز کے روح پرور خطاب اور نعت خواں عبدالمنان و محمد کفیل کی خوبصورت آواز نے محفل کو چارچاند لگادیئے

This slideshow requires JavaScript.

اوسلو (پ۔ر)۔

نارویجن پاکستانی کاروباری شخصیت حاجی محمد شاہد (عقیدت مند درگاہ گولڑہ شریف) اور ان کے فرزندان ساجد شاہد اور سکندر شاہد اور دیگر اہل خانہ کی طرف سے اوسلو کے مضافاتی علاقے میں ان کی قیامگاہ پر گذشتہ شام ایک روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں دارالحکومت اوسلو میں مقیم مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

محفل کے شرکاء میں سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری حنیف عارف آف ساہیوال، متحرک سماجی شخصیت ملک پرویز مہر آف بدرمرجان، غلام مصطفیٰ (گوجرانوالا)، مذہبی شخصیت مولانا سفیر خمینی، شاعر و مصور سید انورعلی کاظمی، کاروباری شخصیت خواجہ کلیم، پاکستانی ریسرچ سکالر سید سبطین شاہ، فعال میڈیا پرسن عقیل قادر، انکے برادر شکیل قادر اور محمد عثمان قابل ذکر ہیں۔

جید علماء مسجد غوثیہ مسلم سوسائٹی اوسلو کے امام مفتی زبیر تبسم و امام جامعہ مسجد لورنسکگ مولانا طاہرعزیز کے روح پرور خطاب اور نعت خواں عبدالمنان و محمد کفیل کی خوبصورت آواز میں نعتیہ کلام نے محفل کو چارچاند لگادیئے۔

مفتی زبیر تبسم میں اپنے خطاب میں پیغمبر گرامی اسلام حضرت محمد (ص) کی شان اقدس کو بیان کیا۔ انھوں نے خاص طور پر اس مناسبت سے برصغیر کے عظیم روحانی بزرگ پیر مہرعلی شاہ آف گولڑہ شریف کی صوفیانہ شاعری اور مفکر پاکستان و شاعر مشرق علامہ اقبال کے معنوی کلام کا حوالہ دیا۔  

انھوں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا جو گذشتہ ماہ کے اوائل سے لے کر ابتک بھارتی فوجیوں کے محاصرہ میں ہیں اور مسلسل کرفیو نے ان کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

اس طرح مولانا طاہر عزیز نے بہت ہی مودبانہ انداز میں نبی اکرم (ص)، اہل بیت کرام (ع)، اولیاء اللہ اور صوفیائے کرام  کی تعلیمات کا تذکرہ کیا۔ اس موقع پر ریسرچ سکالر سید سبطین شاہ نے بھی علامہ اقبال کا فارسی کلام اور سید انورشاہ کاظمی نے اردو کلام بیان کیا۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی پرتکلف پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی۔

مفتی زبیر تبسم علامہ اقبال کا کلام پیش کررہے ہیں

مشہور نعت خواں عبدالمنان نعتیہ کلام پیش کررہے ہیں

 

 نعت خواں محمد کفیل نعتیہ کلام پیش کررہے ہیں

 

Recommended For You

Leave a Comment