اوسلو (خصوصی رپورٹ)
پنجاب کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و آئی ٹی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے گذشتہ دنوں نارویجن پارلیمنٹ کے نائب صدر (ڈپٹی سپیکر) عابد راجہ سے پارلیمنٹ ہاؤس اوسلو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ناروے میں پاکستان کے سفیر ظہیر پرویز خان، پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین قمراقبال اور کڈنی سنٹر گجرات کے صدر حاجی میاں اعجاز بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔ اس دوران متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نارویجن پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد نائب سربراہ عابد قیوم راجہ نے کہاکہ ہم پاکستانیوں کے لیے ناروے کی ویزا پالیسی میں نرمی لانے کے لیے کوشاں ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب کے وزیر برائے اعلیٰ تعلم راجہ یاسرہمایوں اور کڈنی سنٹر گجرات کے صدر حاجی میاں اعجاز نے پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین قمراقبال کی دعوت پر یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے پچیس اگست کو منعقد ہونے والی پروقار تقریب میں شرکت کے لیے ناروے کا دورہ کیا۔ اس دوران کڈنی سنٹر گجرات کے لیے فنڈریزنگ بھی کی گئی۔
نارویجن پارلیمنٹرین عابد راجہ سے ملاقات کا اہتمام بھی پاکستان یونین ناروے نے کیا جو ہرسال یوم آزادی پاکستان پر پاکستان سے اہم سیاسی، سماجی و ثقافتی شخصیات کو اپنی سالانہ تقریب میں شرکت کی دعوت دیتی ہے۔
پارلیمنٹ میں ملاقات کے موقع پر ناروے کے حکمران اتحاد میں شامل لبرل پارٹی کے پارلیمنٹ میں خارجہ اور اقتصادی امور کے مشیرھاورڈ ساندویک، سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئراتاشی خالد محمود، پاکستان یونین ناروے کے سینئرعہدیداران چوہدری منشا خان، ملک پرویز مہر، چوہدری اصغر دھکڑ، ناصر میر اور چوہدری اشرف (آف ڈنمارک)، نارویجن پاکستانی سماجی و کاروباری شخصیت شیخ طارق محمود، پاکستانی محقق سید سبطین شاہ، دانشور شاہ رخ سہیل، ثقافتی شخصیت شہزاد غفور بٹ، صوبائی وزیر کے پرائیویٹ سیکرٹری حبیب الرحمان ہاشمی اور ناروے میں سیاحتی تجارت سے وابستہ شخصیت سید جواد شاہ بھی موجود تھے۔
نارویجن پارلیمنٹ کے نائب سربراہ عابد راجہ نے ویزا پالیسی کے بارے میں مزید کہاکہ پاکستان میں ناروے کی ویزا پالیسی واقعاً سخت ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ پالیسی نرم کی جائے کیونکہ یہ نارویجن پاکستانی کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ بھی ہے۔
عابد قیوم راجہ جو حکمران اتحاد میں شامل لبرل پارٹی کے نائب سربراہ بھی ہیں، نے پنجاب کے وزیر راجہ یاسر سے سوال کیا کہ کیا پاکستان میں غریب لوگوں کی اعلیٰ تعلیم تک دسترس آسان ہے۔ جس پر صوبائی وزیر نے کہاکہ پاکستان میں ادنیٰ سے لے کر اعلیٰ تعلیم غریبوں کی دسترس میں ہے۔ راجہ یاسرہمایوں سرفراز نے مزید کہا کہ ہم پنجاب میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ اس سلسلے میں پانچ سالہ پروگرام پر عمل کررہے ہیں۔
عابد راجہ نے تعلیم کے شعبے میں ناروے کی پاکستان میں متوقع امدادکے بارے میں نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی تنظیم پاکستان یونین ناروے کا حوالہ دیتےہوئے کہاکہ اس تنظیم کے سربراہ قمراقبال سمیت تنظیم میں شامل بہت سے لوگ ستر کی دہائی سے ناروے اور پاکستان میں سماجی کام کررہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ امداد کمیونٹی کے ذریعے پاکستان میں استعمال ہو۔ انھوں نے کہاکہ یہ کمیونٹی ناروے اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
اس موقع پر سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان نے کہاکہ پاکستان ہائی ایجوکیشن کمیشن ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کررہاہے اور پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں اس کمیشن کے توسط سے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔
پاکستان میں پانی کے مسئلے کے بارے میں عابد راجہ کے استفسار پر سفیر پاکستان نے کہاکہ پاکستان دو بڑے ڈیم بنا رہاہے۔ ایک ڈیم کا ابتدائی کام شروع ہوچکا ہے۔ بقول انکے، اس طرح کے منصوبوں پر وقت لگتا ہے لیکن ان کے نتائج دوررس ہوتے ہیں۔
اس ملاقات کے دوران پاکستانیوں کے ناروے میں پچاس سال پورے ہونے کے حوالے سے بھی بات ہوئی اور زور دیا گیا کہ پچاس سالہ تقریبات آئندہ سال اوسلو میں بڑے شایان شان طریقے سے منائی جائیں۔ دونوں جانب سے اتفاق کیا کہ نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی گولڈن جوبلی پر دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے اور باہمی تعاون کے مزید فروغ کے لیے مختلف منصوبوں کا آغاز ہونا چاہیے۔
پاکستان میں انرجی کی ضرورت کے بارے میں عابد راجہ نے کہاکہ پاکستان کو انرجی کی اشد ضرورت ہے اور ناروے ہائیڈرو پاور اور ونڈ ملز میں کافی تجربہ رکھتا ہے۔ ناروے ان شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرسکتا ہے۔
ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے درخواست کی کہ پاکستان کے حالات بہت بہتر ہیں اور اب ناروے کی حکومت کو پاکستان کے بارے میں اپنی ٹریول ایڈوائزی کو تبدیل کرنا چاہیے تاکہ ناروے کے سیاح بھی دیگر ممالک کے سیاحوں کی طرح آسانی سے پاکستان آسکیں۔
پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین قمراقبال نے ملاقات کے لیے وقت دینے پر پارلیمنٹ کے نائب سربراہ عابد راجہ کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے اختتام پر پنجاب کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم راجہ یاسر ہمایوں نے اپنے وفد کے ہمراہ نارویجن پارلیمنٹ کے مختلف حصے دیکھے۔