(اوسلو پ۔ر)
پاکستان یونین ناروے کے زیراہتمام اوسلو میں آزادی پاکستان کے حوالے سے پچیس اگست بروز اتوار منعقد ہونے والی تقریب کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔
اس سلسلے میں یونین کے مشاورتی بورڈ اور نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات کا ایک مشترکہ اجلاس گذشتہ شام دارالحکومت اوسلو میں منعقد ہوا جسکے دوران اس پروگرام کے ایجنڈے اور اس حوالے سے دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔
جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے یہ تقریب مزید اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس بار کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی مشکلات کی وجہ نارویجن پاکستانیوں میں بہت احساسات پائے جاتے ہیں۔
اس دفعہ پاکستان یونین ناروے نے کڈنی سنٹر گجرات کی امداد کے لیے فنڈ ریزنگ کا پروگرام بھی بنایا ہے جس کے تحت اس تقریب کا ایک حصہ چیئریٹی سنکسرٹ پر مشتمل ہوگا۔ کڈنی سنٹر گجرات ایک فلاحی ادارہ ہے جو گردے کی مہلک بیماریوں میں مبتلا غریب اور نادار مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
گذشتہ شام کے اجلاس میں جو شخصیات شریک ہوئیں، ان میں یہ نام قابل ذکر ہیں: ملک پرویز مہر، حاجی اکرم سیکریالی، حاجی غلام حیدر، منشاخان نوناوالی، ملک محمد رضا، حاجی اشرف اوتم، میرناصر، ندیم رشید، غلام سرور، عبدالرحمان سیکریالی، سجاد رسول، شاہد جمیل، شاہ رخ سہیل، شاہد منیر، احسان حیدر، عمران خان لاہور، سرفراز، زمان لنگرپوری، ارشد جوڑا اوراصغردھکڑ۔
اجلاس کے بعد ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ ہنگامی طور پر بلائے اس اجلاس میں بہت سے دیگر دوست احباب کو مدعو نہیں کیا جاسکا، جس کے لیے یونین ان سے معذرت خواہ ہے۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ اس بار پروگرام کے مہمان خصوصی پنجاب کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و سیاحت راجہ یاسر ہمایوں سرفراز اور ناروے کی وزیر تحقیق و اعلیٰ تعلیم مس آئسے لین نائبو ہوں گے۔ پاکستان کے سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری قمرالزمان کائرہ اور رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر بھی معزز مہمانوں میں شامل ہیں۔
کڈنی سنٹر گجرات کے بورڈ کے صدر حاجی میاں محمد اعجاز، سول جج ملکوال ندیم انجم اور امیرجماعت اسلامی گجرات ڈاکٹر طارق سلیم کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
پاکستان سےسماجی اور صحافی شخصیات کے وفود بھی اس تقریب میں شرکت کے لیے ناروے آئے رہے ہیں۔
تقریب میں کڈنی سنٹر گجرات کو نمایاں عطیات فراہم کرنے والوں کو خصوصی تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی۔
پروگرام کے دوران ملی نغمے اور صوفیانہ کلام بھی پیش کیا جائے گا۔
اس تقریب کے حوالے سے گذشتہ شام کے اجلاس کے دوران یہ بھی تجویز پیش کی گئی کہ کڈنی سنٹر کی طرح ضلع گجرات میں دل کے امراض کے علاج کے لیے بھی ایک فلاحی ادارہ قائم ہونا چاہیے۔
اجلاس کے دوران طے کیا گیا کہ اگرچہ اس تقریب میں داخلہ مفت ہے لیکن ہال میں دو زون ہوں گے۔ مبلغ پانچ سو کراؤن فی کس ڈنر پاس حاصل کرنے والوں کے لیے ہال میں الگ زون ہوگا جس کی پیشگی اطلاع دی جاتی ہے۔ ڈنر پاس کی تمام رقم کڈنی سنٹر گجرات کو دی جائے گی۔
پاکستان یونین ناروےکےبیان میں شرکاء سے گزارش کی گئی ہے کہ ہال کی گنجائش کو مدنظر رکھتے ہوئے وقت کی پابندی کا خیال رکھا جائے اور تاخیر سے آنے سے گریز کیا جائے۔