پاکستان یونین ناروے کا کڈنی سنٹر گجرات کیلئے چیئریٹی کنسرٹ پچیس اگست کو اوسلو میں ہوگا، پنجاب کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم یاسر ہمایوں اور ناروے کی وزیر تحقیق و تعلیم مس نائبو مہمانان خصوصی ہوں گے

This slideshow requires JavaScript.

اوسلو(پ۔ر)
پاکستان یونین ناروے کی طرف سے یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے دارالحکومت اوسلو میں اس بار ایک شاندار چیئریٹی کنسرٹ کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ 
یہ تقریب جس کے دوران کڈنی سنٹر گجرات کے لیے فنڈ ریزنگ کی جائے گی، پچیس اگست (بروز اتوار) کی شام پانچ بجے منعقد ہوگی۔ 
کڈنی سنٹر گجرات پورے علاقے میں ایک واحد ادارہ ہے جو لوگوں کی مالی معاونت سے چل رہا ہے اور غریب اور نادار لوگ اس ادارے میں گردوں کی بیماروں سے متعلق اپنا علاج مفت کرواتے ہیں۔ 
پروگرام کے مہمان خصوصی پنجاب کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و سیاحت راجہ یاسر ہمایوں سرفراز اور ناروے کی وزیر تحقیق و اعلیٰ تعلیم مس آئسے لین نائبو ہوں گے۔

پاکستان کے سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری قمرالزمان کائرہ اور رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، اوسلو کی میئر مس ماریانہ بورگن، لورنسکگ کی میئر مس راگنہلد برگھیم، ایس وے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کی جسٹس کمیٹی کے رکن پیٹر ایدے، وینسترے پارٹی کے سینئر رہنماء اور رکن پارلیمنٹ عابد قیوم راجہ، اوسلو کی میئرشب کی امیدوار سعدیہ بیگم اورلورنسکگ کے کونسلر فواد خان بھی معزز مہمانوں میں شامل ہیں۔
کڈنی سنٹر گجرات کے بورڈ کے صدر حاجی میاں محمد اعجاز اور ایڈیشنل ڈی سی گجرات رانی حفضہ کنول اور سول جج ملکوال ندیم انجم کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
پاکستان سےسماجی اور صحافی شخصیات کے وفود بھی اس تقریب میں شرکت کے لیے ناروے آئے رہے ہیں۔ 
پاکستان کے ابھرتے ہوئے گلوکار شمعون فدا اور نامور لوک فنکار طاہر نیئر ملی نغمے اور صوفیانہ کلام پیش کریں گے۔ 
پاکستان یونین ناروے کے بیان کے مطابق، اگرچہ اس تقریب میں داخلہ مفت ہے لیکن ہال میں دو زون ہوں گے۔ مبلغ پانچ سو کراؤن فی کس ڈنر پاس حاصل کرنے والوں کے لیے ہال میں الگ زون ہوگا جس کی پیشگی اطلاع دی جاتی ہے۔ ڈنر پاس کی تمام رقم کڈنی سنٹر گجرات کو دی جائے گی۔
ہال کی گنجائش کو مدنظر رکھتے ہوئے گزارش کی جاتی ہے کہ وقت کی پابندی کا خیال رکھا جائے اور تاخیر سے آنے سے گریز کیا جائے۔
نوٹ: تقریب سے ایک دن پہلے (چوبیس اگست تک) پاکستان یونین ناروے کے انفارمیشن سیکرٹری ملک محمد پرویز مہر سے درج ذیل موبائل نمبر پر رابطہ کرکے ڈنرپاس حاصل کیا جاسکتا ہے:

Information Secretary Mr Malik Pervez Mahar: +47 920 63 161

Recommended For You

Leave a Comment