لزبن (ضیاءسید سے)
وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے امور نوجوان عثمان ڈار گذشتہ روز اپنے دورہ یورپ کے دوران پرتگال کے دارلحکومت لزبن پہنچے۔ اس موقع پر ممتاز کاروباری شخصیت چوہدری صغیر احمد نے مہمان کے اعزز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کی صدارت قائم مقام سفیر سرفراز احمد گوہر نے کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد خالد نے سر انجام دئیے جبکہ مولانا سید افتخار گردیزی نے تلاوت کلام پاک کا شرف حاصل کیا۔ اس دوران پاکستانی کمیونٹی کے صدر راجہ زاہد اقبال نے اپنے خطاب میں پاکستان اور پرتگال کے مابین سفارتی تعلقات معطل ہونے کی وجہ سے دوہری شہریت کے اہم موضوع سمیت پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور پاکستانی سفارتخانہ اور میڈیا کے مثبت کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب میں شکیل خان، شیخ عمر، سرفراز فرانسس، ضیاءسید، عثمان خالد، غضنفر جاوید، شکیل یوسف، علی خان، نصراللہ گوندل، سمیت پی ٹی آئی پرتگال کے راہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ مقامی شخصیت ڈاکٹر سہیل نے وزیر اعظم کے مشیر کو پرائیوٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور پرتگالی کمیونٹی کا پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی خواہش اور مختلف ترقیاتی پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ جلد ہی پرتگال کا سفارتخانہ پاکستان میں اپنی سروس شروع کر دے گا۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان کی موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے مسائل ترجیع بنیادوں پر حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ حکومت ملے ہوئے ابھی دس ماہ کا عرصہ ہوا ہے اور پی ٹی آئی پہلی بار اقتدار میں آئی ہے، انتہائی مشکل اور اہم فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں، پچھلی حکومتوں نے جو ملک پر قرضوں کا بوجھ ڈالا ہے اور کرپشن لوٹ مار کو فروغ دیا ہے ان کے خاتمہ کے لیے کم ازکم دو سال کا عرصہ درکار ہے۔ ہماری حکومت چاہتی ہے کہ عوام کے مسائل حل ہوں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ عمران خان ملک اور قوم کی خوشخالی کے لیے صدق دل سے کوشاں ہیں۔ اختتامی مرحلے میں چند شرپسند عناصر نے تقریب میں بدنظمی پیدا کرنے کی کوشش کی جسے تقریب کے شرکاء نے بڑے مدبرانہ انداز میں ناکام بنا دیا۔