اوسلو (پ۔ر)۔
چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال نے کہاہے کہ سینئرصحافی اور معروف اینکر پرسن سمیع ابراہیم پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا حملہ انتہائی افسوسناک ہے۔
اپنے ایک بیان میں چوہدری قمراقبال نے کہاکہ وفاقی وزارت کے اعلیٰ منصب پر فائز اور ایک معروف سیاستدان کو یہ ہرگز زیب نہیں دیتا ہے کہ وہ بھرے مجمعے میں کسی کو طماچہ دے مارے۔
انھوں نے کہاکہ اس طرح کے واقعات وزیراعظم عمران خان کی مثبت پالیسیوں پر پانی پھیرنے کے مترادف ہیں جو ملک و قوم کی ترقی کی بات کرتے ہیں اور کرپٹ لوگوں کو سزا دینا چاہتے ہیں۔
چوہدری قمراقبال نے فواد چوہدری کے اس بیان پر کہ ایک جٹ کی حیثیت سے ہمارے بھی جینز ہیں، کہاکہ فواد چوہدری نے ایک تو ملک کے مشہور و معروف مہمانوں سے بھری شادی کی تقریب کے دوران ایک سینئرصحافی کو تھپڑ مار دیا اور دوسری غلطی یہ ہے کہ وہ اس بات کو ایک جٹ ہونے کی حیثیت سے فخریہ طور پر بیان کرتے ہیں۔
انھوں نے کہاکہ فواد چوہدری نے اپنے اس شرمناک فعل کو جٹ برادری کی طرف منسوب کرکے جٹوں جیسی ایک معزز برادری کو شرمندہ کرنے کی کوشش کی جبکہ یہ فواد چوہدری کا ذاتی فعل ہے اور اس کو برادری کے جینز کے منسلک کرنا بہت ہی دکھ کی بات ہے۔
چیئرمین پاکستان یونین ناروے نے کہاکہ پاکستان میں رہنے والے ہم وطنوں کی طرح اوورسیز پاکستانیوں کو بھی اس واقعے پر افسوس ہوا ہے۔ اوورسیزپاکستانیوں کو دکھ ہوا ہے کہ ایک وفاقی وزیر نے یہ حرکت کرکے تمام اخلاقی اقدار کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔