قومی اسمبلی میں سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف کا خطاب کے دوران وفاقی وزیر فواد چوہدری سے متعلق دلچسپ مکالمہ ہوا۔
خواجہ محمد آصف نے فواد چوہدری سے استفسار کیا کہ ’آپ کے پاس آج کل کون سی وزارت ہے؟‘
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کو ٹرک کی بتی کے پیچھے سے ہٹا دیا گیا اور سیالکوٹ سے میری ہمسائی کو یہ وزارت دے دی گئی۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ایک منتخب نمائندے کو ہٹاکر غیر منتخب نمائندے کو وزارت اطلاعات دے دی گئی۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ فواد چوہدری جب سے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت میں گئے ہیں،اچھی باتیں کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد کو اگر لہریں گننے پر لگادیں تو یہ اس میں بھی کوئی کام نکال لیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی میں وزارت عظمیٰ کے کئی امیدوار ہیں،جن کے نام اسپیکر صاحب کو بھی معلوم ہیں۔
جس پر اسپیکر اسد قیصر نے جواباً کہا کہ مجھے نہیں پتا ہے جی، اور ساتھ ہی مسکرا دیے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ حکومتی غیرسنجیدگی اور مفلوج ہونا اس سے ثابت ہے کہ وزرا بھی بے بس ہیں،نہ وزیر داخلہ بولتا ہے نہ ہی وزیر خارجہ،ایک وزیر،وزیراعظم سے تعلق کی وجہ سے ہر بات کا جواب دے رہا ہے اور وہ وزیر مواصلات ہیں۔