اوسلو (پ۔ر)۔
چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال نے سری لنکا میں گذشتہ روز پے در پے چھ دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں ان دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نارویجن پاکستانی کمیونٹی غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سری لنکا کے ساتھ ہے ۔ ہم اس موقع پر سری لنکن عوام سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں خوفناک دہشت گرد حملے اور اسکے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر نارویجن پاکستانیوں کو بہت دکھ اور افسوس ہوا ہے۔
چیئرمین پاکستان یونین ناروے نے مزید کہاکہ دہشت گردی ایک موذی مرض ہے۔ اس کا پائیدار حل تلاش کرنا اشد اور فوری ضروری ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی دین اور قوم نہیں ہوتی بلکہ وہ انسانیت کے دشمن ہیں۔ کوئی بھی مہذب معاشرہ دہشت گردی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انسانیت کی ترقی اور انسانی اقدار کے تحفط کے لیے اس بیماری سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ پوری دنیا مل کر دہشت گردی کے مسئلے کا حل تلاش کرے اور انسانیت کو اس موذی مرض سے نجات دلائے۔