اوسلو (پ۔ر)۔
پاکستان یونین ناروے کی سینئر عہدیداروں اور اراکین کا اجلاس گذشتہ روز اوسلو میں یونین کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا جس کی صدارت یونین کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے کی۔
اجلاس میں یونین کے سیکرٹری اطلاعات ملک پرویزمہر، یونین سے وابستہ مختلف امور کے سیئنرمشیران اور عہدیداران ڈاکٹر جمیل طلعت، نصراللہ قریشی، چوہدری اصغردھکڑ، چوہدری اکرم سیکریالی، چوہدری تنویراحمد بہبلی، میاں بشیرحسین چکوڑی، شاہ رخ سہیل، ملک اکرم متیلا، غلام سرور پنجن شاہانہ، ممتازاحمد گوندل چوہدری شاہد منیر گڑا جٹاں، عاطف محمود پنجن شاہانہ اور دیگر نے شرکت کی۔ کچھ شخصیات اپنی بیرون ممالک مصروفیات کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہ ہوسکیں۔
اجلاس کے شرکاء کو چوہدری قمراقبال نے اپنے پاکستان میں حالیہ قیام کے دوران سرکاری حکام اور سماجی شخصیات سے ملاقاتوں کے بارے میں بریف کیا۔
انھوں نے بتایاکہ اس سال کڈنی سنٹر گجرات کے لیے ناروے اور دیگریورپی ممالک میں فنڈ ریزنگ کی جائے گی اور اس مقصد کے لیے سنٹر کے سربراہ میاں محمد اعجاز پاکستان یونین ناروے کی دعوت پر یورپ کا دورہ کریں گے۔ اس کے علاوہ انھوں نے اسی بابت ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) گجرات ڈاکٹر خرم شہزاد کو بھی ناروے مدعو کیا ہے۔
انھوں نے کڈنی سنٹر گجرات کے پس منظر کے بارے میں بتایاکہ اس سنٹر کو چند سال قبل ہی پبلک۔پرائیویٹ پارنٹرشپ کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ اس سنٹر کے قیام سے نہ صرف گجرات کے لوگ استفادہ کررہے ہیں بلکہ گرد و نواح کے مریض بھی اس سے مستفید ہورہے ہیں۔ چیئرمین پاکستان یونین ناروے جو خود کڈنی سنٹر کا دورہ کرچکے ہیں، نے بتایاکہ کڈنی سنٹر گجرات میں گردوں کے ڈائلیسس کے لیے جدید مشینیں موجود ہیں اور سنٹر کو چلانے کے لیے مخیر حضرات کے مالی معاونت کی مزید ضرورت ہے۔
انھوں نے مزید کہاکہ کڈنی سنٹر کی فنڈ ریزنگ کے لیے ناروے کے علاوہ فرانس، اٹلی، بلجیم، سپین اور دیگر یورپی ممالک میں بھی رابطے شروع کردیئے ہیں۔
چوہدری قمراقبال نے بتایاکہ انھوں نے پاکستان میں نادرا حکام اور دیگر سرکاری محکموں کے عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کرکے انہیں اوورسیز پاکستانیوں کے پاکستان میں مسائل سے آگاہ کیا ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے یونین کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران حکام کے سامنے یونین کی طرف سے اٹھائے جانے والے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور یونین کی دیگر سماجی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
چوہدری قمراقبال نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے میں معاونت پر میڈیا اور سماجی شخصیات کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امیدظاہر کی کہ میڈیا کے علاوہ سول سوسائٹی بھی پاکستان میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر توجہ دے گی۔ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ پاکستان کی بہبود کا سوچتے ہیں اور حکومتی اور دیگر متعلقہ حلقوں کے لیے ضروری ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے کوئی میکانیزم بنائیں اور ان کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے۔
اجلاس کے دوران اس سال اگست میں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر پاکستان یونین ناروے کے زیراہتمام منعقد ہونے والی تقریب کے انتظامات پر بھی غور کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ یونین کی طرف سے ماضی کی طرح اس سال بھی تقریب شایان شان طریقے سے منائی جائے گی۔