گجرات (پ۔ر)۔
پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے گذشتہ دنوں اپنے دورہ پاکستان کے اختتامی مرحلے میں ڈپٹی کمشنر گجرات ڈاکٹر خرم شہزاد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران جس میں پاکستان یونین ناروے کے سینئررکن میر ناصر بھی موجود تھے، کڈنی سنٹر گجرات اور دیگر موضوعات پر گفتگو کی گئی۔
چوہدری قمراقبال نے ڈی سی گجرات کو بتایاکہ چونکہ یورپ بشمول ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی اکثریت کا تعلق ضلع گجرات سے ہے، اسی وجہ سے ان کے پاکستان میں مسائل بھی ضلع گجرات سے ہی متعلق ہیں۔
انھوں نے کڈنی سنٹر گجرات کی کارکردگی کو سراہا اور حالیہ دنوں سنٹر کو چلانے والی کمیٹی کے سربراہ اور ممتاز صنعت کار میاں محمد اعجاز سے اپنی ملاقات کے بارے میں ڈی سی گجرات کو آگاہ کیا۔ چیئرمین پاکستان یونین ناروے نے بتایاکہ پاکستان یونین ناروے اس سال کڈنی سنٹر گجرات کی مالی معاونت کے لیے ناروے اور دیگر ممالک میں فنڈ ریزنگ کی کوشش کرے گی۔
چوہدری قمراقبال نے ڈی سی گجرات کو یوم آزادی پاکستان کی اس سال اوسلو میں پاکستان یونین ناروے کے زیراہتمام منعقد ہونے والی تقریب میں بھی مدعو کیا۔ اس سے قبل کڈنی سنٹر گجرات کے سربراہ میاں محمد اعجاز کو ناروے آنے کی دعوت مل چکی ہے۔ ڈی سی گجرات نے چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال کی پاکستان کے لیے نیک خواہشات اور ان کی سماجی خدمات کو سراہا۔
یادرہے کہ اس سے قبل پاکستان یونین ناروے ایدھی ویلفیئرٹرسٹ کی محترمہ بلقیس ایدھی اور فیصل ایدھی اور ابرارالحق کے سہارا ٹرسٹ کے کے فنڈ ریزنگ کے حوالے سے تعاون کرچکی ہے۔
واضح رہے کہ چوہدری قمراقبال جو گذشتہ دنوں پاکستان کے دورہ پر تھے، نے اپنے آبائی وطن میں چند ہفتوں کے قیام کے دوران گجرات، اسلام آباد اور لاہور و دیگر مقامات پر اعلیٰ حکام، سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کرکے انہیں اوورسیز پاکستانیوں کے پاکستان میں مسائل سے آگاہ کیا۔