اوسلو (پ۔ر)۔
ناروے میں مقیم مسلمان علماء اور دینی اداروں کے عہدیداروں کے ایک وفد نے ناروے میں تعینات ایران کے سفیر محمد حسن حبیب اللہ زادہ سے ملاقات کی اور ایران میں حالیہ سیلاب کے دوران جانی اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔
وفد میں توحید اسلامک سنٹر کے امام علامہ سید شمشاد حسین رضوی، علامہ جالوت، سنٹر کے صدر سید سجاد کاظمی، انجمن حسینی ناروے کے دینی امور کے ڈائریکٹر اور امام جمعہ علامہ ڈاکٹر سید زوار حسین نقوی اور انجمن کے سابق صدر چوہدری ارشد حسین، مرکز محبان اہل البیت اوسلو کے حاجی ارشد حسین، اسلامک کلچرل سنٹر کے امام ڈاکٹر حمید فاروق اورسنٹرکے سابق امام اور بزرگ عالم دین مولانا محبوب الرحمان شامل تھے۔
وفد نے ملاقات کے دوران ایران کے سیلاب میں جانی نقصانات پر تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی ظاہر کی۔
ایران کے سیلاب زدگان کی امداد کے حوالے سے وفد نے بتایاکہ ایران میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے اوسلو میں ایک کمیٹی بنائی جائے گی۔