(اوسلو/کھاریاں (خصوصی رپورٹ
پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے کہاہے کہ پاکستان میں ارباب اختیار کو چاہیے کہ سمندرپار پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز کھاریاں پریس کلب میں اپنے اعزاز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پریس کلب کے صدر آفتاب احمد نذر، جنرل سیکرٹری سید تنویرنقوی، کلب کے سرپرست اعلیٰ حاجی شبیرحسین ملک اور تقریب کے کورآرڈی نیٹر، میزبان اور پاک۔ ناروے ٹائمز کے چیف ایڈیٹر میاں محمد صفدر اور
اور نیوز الرٹ کے صحافی سید ندیم گیلانی بھی موجود تھے۔
تقریب میں جن دیگر شخصیات نے شرکت کی ان میں سابق اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری شبیراحمد کوٹلہ اور میاں طارق محمود، چیئرمین مونسپل کمیٹی کھاریاں شیخ محمد حفیظ، نارویجن پاکستانی سیاستدان سید ضرار بخاری، نارویجن پاکستانی کاروباری شخصیت میرناصر اور سینئر صحافی ارشد رضا بھی قابل ذکر ہیں۔
چوہدری قمراقبال نے پریس کلب کی انتظامیہ اور اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے اور خاص طورپر پاکستان یونین کے ساتھ تعاون پر گجرات اور کھاریاں کے میڈیا خصوصاً جذبہ گجرات، روزنامہ شانہ بشانہ گجرات، آئینہ انقلاب لالہ موسیٰ، نیوزالرٹ، سینئر صحافی افضال طاہرآف لالہ موسیٰ، محمود اختر گجرات، میاں صفدر آف کھاریاں اور نثارمغل آف ڈنگہ کا خصوصی تذکرہ کیا۔
چوہدری قمراقبال نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں بہت سے مسائل کا سامنا ہے اور یہ مسائل وزارت خارجہ، داخلہ، پولیس اور دیگر مختلف محکموں سے متعلق ہیں۔
انھوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے دل بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور انھوں نے ہمیشہ اس حب الوطنی کا ثبوت دیا ہے۔ پاکستان میں رہنے والی عوام کی طرح اوورسیز پاکستانی بھی پاکستان میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور فرقہ واریت اور تشدد کے واقعات سے پریشان ہیں۔ ہم ملک کے دفاع و سلامتی کے لئے دعا گو ہیں۔ اللہ تعالٰی پاکستان کو اندرونی اور بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھے۔
چیئرمین پاکستان یونین ناروے کا تعارف کرواتے ہوئے کہاکہ پاکستان یونین ناروے ایک سماجی اور ثقافتی تنظیم ہے۔ اس تنظیم سے وابستہ لوگ ستر کی دہائی سے ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے سماجی خدمات انجام دے رہے ہیں اور شمالی یورپ کے اس ملک میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔
انھوں نے مزید کہاکہ پاکستان یونین ناروے ایک غیرمنافع بخش اور غیرسیاسی تنظیم ہے جو سال بھر ناروے میں مختلف تقریبات منعقد کرتی ہے اور ان تقریبات میں پاکستان سے بھی اعلیٰ سیاسی، ثقافتی، علمی، ادبی، صحافتی شخصیات اور حکومت اور عدلیہ کے اہم عہدیداروں کو مدعو کرتی رہتی ہے تاکہ پاکستان کے ناروے کے ساتھ تعلقات مضبوط ہوں اور یورپ میں پاکستان کے امیج کو بہتر بنایا جاسکے۔
انھوں نے بتایاکہ پاکستان یونین ناروے کے تحت ایک مصلحتی کمیٹی بھی کام کررہی ہے جو کمیونٹی کے آپس کے اختلافات اور مسائل کو حل کروانے میں کوشاں رہتی ہے۔ نارویجن باشندوں نے بھی اس کمیٹی کے کردار کو سراہا ہے۔
یونین کے زیرانتظام ایک تھینک ٹینک بھی سرگرم ہے جو کمیونٹی کو درپیش نت نئے چیلنجنوں سے نمٹنے کے لیے اپنی تجاویز دیتا رہتا ہے۔
پاکستان یونین ناروے پاکستان میں بھی فلاح و بہبود اور انسانی ہمدردوں کے کاموں میں حصہ لیتی رہتی ہے۔
تقریب کے دوران چوہدری قمراقبال کو ان کی گرانقدر سماجی خدمات پر ایوارڈ بھی دیا گیا۔ ایوارڈ ملنے پر اظہارتشکر کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ میرے لئے یہ انتہائی باعث مسرت بات ہے کہ آپ لوگوں نے مجھے یہ اعزاز بخشا۔ یہ تمام اوورسیز پاکستانیوں کا ایوارڈ ہے جو پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور اوورسیز کمیونٹی کی سطح پر سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ اس وطن عزیز کی فلاح کے لیے بھی ہمیشہ سرگرم ہوتے ہیں اور اس کی ترقی کے لیے دعا گو رہتے ہیں۔
اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں طارق نے اپنے خطاب میں پاکستان یونین ناروے کے خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ میں یورپ کے اپنے متعدد دوروں کے دوران پاکستان یونین ناروے اوریونین کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کی سماجی خدمات کا خود مشاہدہ کرچکا ہوں۔
چوہدری شبیر احمد کوٹلہ نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ چوہدری قمراقبال ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کے لیے سرگرم رہتے ہیں۔ ممتاز قانوندان بشارت ایڈوکیٹ نے بھی چوہدری قمراقبال کی خدمات کو سراہا۔
اس تقریب کے دوران سماجی خدمات پر بعض دیگر شخصیات کو بھی شیلڈز دی گئیں۔
نارویجن پاکستانی سیاستدان سید اضرار بخاری اور معروف دانشور اور لکھاری چوہدری فیصل نواز نے بھی نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے لیے چوہدری قمراقبال کی خدمات کو سراہا۔ تقریب کے دیگر مہمانوں حاجی اقبال اتم، چوہدری اقبال چکوڑی، پرنس عبدالحمید ملک اور میرناصر کو بھی پھول پیش کئے۔