اوسلو (خصوصی رپورٹ)
ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی ناروے کے زیراہتمام یوم پاکستان کی سالانہ پروقار تقریب گذشتہ روز منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں نارویجن پاکستانیوں نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران ناروے کے سابق وزیراعظم شیل ماگنے بندویک جو ایک عرصے سے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کوشاں ہیں، کو ایک خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
یہ تقریب ’’پاکستان اور اوورسیز پاکستانیز‘‘ کے موضوع پرمنعقد ہوئی جس میں حضرات کے ساتھ خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔
تقریب کی صدارت سوسائٹی کے صدر مرزا محمد ذوالفقار نے کی جبکہ ناروے میں پاکستان کے سفیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری راشد علی اعوان اور جائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر عادل محبوب نے سرانجام دیئے۔
سابق نارویجن وزیراعظم جو اوسلو پیس سنٹر کے سربراہ بھی ہیں، ابتک تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی کوششوں کے دوران کئی بار دونوں اطراف کے کشمیری رہنماووں اور پاکستان اور بھارت کے حکام سے مل چکے ہیں۔ گذشتہ سال کا ان کا دورہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر بہت اہمیت کا حامل رہا۔ تقریب سے اپنے خطاب میں انھوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے سات دہائیوں سے کشمیر کے عوام بہت سے مصائب کا شکار ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ یہ تنازعہ پر امن طریقے سے حل ہو اور کشمیری بھی سکھ کا سانس لے سکیں۔ انھوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیاء میں امن نہیں آسکتا۔ لڑائی کسی مسئلےکا حل نہیں۔ ایوارڈ وصول کرنے پر انھوں نے اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور ناروے کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
تقریب کے دیگر مقررین میں سفیر پاکستان ظہیرپرویز خان، صدر سوسائٹی مرزا ذوالفقار، اوسلو سٹی پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹر مبشر بنارس، شاعرو ادیب ڈاکٹر سید ندیم حسین، شاعرہ رابعہ سیماب روحی، حسنین اسماعیل سرور، راجہ قاسم حسین، آمنہ نوراسحاق، محمد طلحٰی اسحاق، زویا یار خان، آریان خان اور راجہ محمد عرشمان دھنیال بھی شامل تھے۔ راجہ عرشمان دھنیال نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے اور نعت شریف بھی سنائی۔ سفیر پاکستان نے انہیں اور دیگر بچوں کو میڈل بھی دیے۔
سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان نے اپنے خطاب میں تاریخی جدوجہد پاکستان پر روشنی ڈالی اور کہاکہ ہماری نئی نسل کو اپنے بزرگوں کی قربانیوں اور جدوجہد سے آگاہ ہونا چاہیے۔
ڈاکٹر مبشر بنارس نے جو اوسلو سٹی پارلیمنٹ کے لیے لیبرپارٹی کے امیدوار بھی ہیں، خطاب کرتے ہوئے ناروے میں مقیم پاکستانیوں سے گزارش کی کہ اپنے بچوں کی تربیت پر بھرپور توجہ دیں تاکہ ہماری نئی نسل نارویجن معاشرے کا بہترین شہری بن سکیں۔ نسل پرستی کے بڑھتے ہوئے رحجانات کے بارے میں ڈاکٹر مبشر بنارس نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ آگاہی کی ضرورت ہے۔ معاشرے کو بتانے کی ضرورت ہے کہ اسلام پرامن مذہب ہے اور امن و آشتی کا درس دیتا ہے۔ ہماری شہری حکومت نوجوان پر کام کررہی ہے تاکہ وہ برائیوں سے بچ سکیں اور صحت افزاء سرگرمیوں بشمول تعلیم و تفریح، سماجی بہہبود اور کھیل وغیرہ کی طرف آئیں۔ ہمیں اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر توجہ کرنے اور ان کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر سید ندیم حسین نے کہاکہ اب سوچنے کی ضرورت ہے کہ کیا پاکستان نے اپنے مقاصد حاصل کرلئے۔ کیا پاکستان میں مسلمان، عیسائی اور دیگر مذاہب کے لوگوں کو پوری آزادی حاصل ہے۔ کیا انسانیت کا احترام ہے۔ اگر نہیں تو وجہ تلاش کی جائے۔ پاکستان کے عوام کو پاکستانی بن کر سوچنا چاہیے۔ پاکستانیوں کو جذبات کے بجائے اپنا احتساب کرنا ہوگا اور ایک بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہونا ہوگا۔ انھوں نے مزید کہاکہ ہمیں ناروے کی سیاست اور دیگر معاملات میں حصہ لینا چاہیے اور بچوں کو وقت دیںا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہاکہ ہمیں فرقہ اور مذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت کا احترام کرنا چاہیے اور یہی پاکستان اور اسلام کا بھی مقصد ہے۔
رابعہ سیماب روحی نے پاکستان کے مقاصد پر گفتگو کی اور کہاکہ ہمیں بحیثیت پاکستانی قائداعظم کے فرامین پر عمل کرنا چاہیے اور بحیثیت مسلمان نبی اکرم (ص) کی سیرت کو اپنا چاہیے۔
بقول انکے، پاکستان میں ہم نے قائداعظم کے پیغام پر عمل نہیں کیا اورآپس کی رشیہ دوانیوں کا شکار ہوگئے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم عہد کریں کہ قائداعظم کے فرامین پر عمل کریں گے اور پاکستان کو قائداعظم کے اصولوں کے مطابق بنانے کی جدوجہد کریں گے۔
تقریب کے دوران اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی کے سابق جنرل سیکرٹری یوسف خان کو بھی ان کی طویل خدمات پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تقریب کے دوران ملی نغمے پیش کرنے پر بچوں کو میڈل دئے گئے۔ اس سے قبل گذشتہ روز سفیر پاکستان نے بھی اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے صدر مرزا محمد ذوالفقار کو ان کی سماجی خدمات پر میڈل دیا۔ سوسائٹی کے صدر نے اپنے خطاب میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ اس تقریب کا مقصد نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔
تقریب کے دوران معروف نعت خوان عبدالمنان نے اپنی خوبصورت آواز میں نعت سنائی اورسوسائٹی کے عہدیدار سید فواد حسین شاہ نے پاکستان کے بارے میں اپنا کلام پیش کیا۔ اختتام پر بزرگ عالم دین قاری نذیر اختر نے ناروے اور پاکستانی ترقی اور سلامتی اور دنیا میں امن کے لیے دعا کرائی۔
تقریب کے اہم شرکاء میں سابق صدور و سابق عہدیداران سوسائٹی جاویداقبال، ریاض احمد، اقبال اختر خان اور چوہدری مظہرحسین، کمیونٹی ویلفیراتاشی سفارتخانہ پاکستان خالد محمود، سابق رکن نارویجن پارلیمنٹ اطہرعلی، پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک پرویز مہر، نارویجن پاکستانی سیاستدان عامرجاوید شیخ، شاعر و ادیب محمد ادریس، پاک۔ناروے فورم کے چیف آرگنائزر چوہدری اسماعیل سرور، سماجی شخصیات پرویزاختر بھٹی، راجہ غالب حسین، افسر خان، نیازخان، سلطان حمزہ اعوان، مرزا محمد ثقلین، مرزا تیمورثقلین اور خالد سلیم قابل ذکر ہیں۔
راجہ عرشمان دھنیال