وارسا (رپورٹ بشکریہ امجد فاروق ۔ چیف ایڈیٹر گجرات لینک)
دنیابھرکی طرح پولینڈکے دارلحکومت وارسامیں بھی سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پرپرچم کشائی کی تقریب کااہتمام کیاگیا۔ تقریب کے دوران قائم مقام سفیرپاکستان قونصلر نعیم صابرخان نے قومی ترانے کی گونج میں سبز ہلالی پرچم فضاء میں لہرایا۔
تقریب کاباقاعدہ آغازتلاوت کلام پاک سے کیاگیاجس کی سعادت حافظ محمدطیب نے حاصل کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سفارتخانہ کے عہدیدار محمدعظیم میاں نے سرانجام دیئے۔
قائم مقام سفیر نعیم صابر خان نے صدرپاکستان اوروزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کرسنائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ایک مظبوط ملک ہے اوراسے کسی کے آگے جھکایانہیں جاسکتا۔ پاکستان دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیرہے اورہمیں اپنی مسلح افواج پرفخرہے۔ پاکستانی عوام محب وطن ، امن کے داعی اورمحنتی ہیں اوردنیابھرمیں پاکستان کابہترامیج اجاگرکررہے ہیں۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ غیرمعمولی حالات میں متعدد چیلنجزکاسامناکیاہے اورہرقسم کی صورتحال کامقابلہ کیاہے۔انہوں نے کہاکہ ہم جمہوریت، عدل و انصاف اورامن کےلئے پرعزم ہیں، ہمارے پاس بے پناہ صلاحیتوں کی حامل افرادی قوت اور بیش بہا قدرتی وسائل ہیں۔
اس پروقارتقریب میں خاتون عہدیدار مس شمیمہ سمیت سفارتخانے کے عملہ کے علاوہ پولینڈ میں پاکستانی کمیونٹی کی متعدد شخصیات نے شرکت کی۔ اس دوران شرکاء نے ایک دوسرے کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔ اختتام پر تقریب میں شریک لوگوں کی پاکستان کے روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔