اوسلو (خصوصی رپورٹ)۔ عکاسی: محمود اختر
پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کو ان کی گرانقدر سماجی خدمات پر گجرات بارایسوسی ایشن کے صدر چوہدری شمشاداللہ ملہی ایڈوکیٹ، جنرل سیکرٹری عدنان صدیق ایڈوکیٹ اور چوہدری عظمت فاروق ساہی ایڈووکیٹ نے خصوصی شیلڈ دی ہے۔
اس سلسلے میں چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب گذشتہ روز گجرات میں منعقد ہوئی اور اس موقع پر پاکستان میں پاکستان یونین ناروے لیگل ایڈوائزر چوہدری عظمت فاروق ساہی ایڈووکیٹ کی طرف سے عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
تقریب میں پاکستان یونین ناروے کے سینئرعہدیدار چوہدری منشاء خان نوناوالی، امریکہ سے چوہدری ارشد، یونان سے چوہدری ریاست بھی خصوصی طور پر مدعو تھے۔ اس دوران ممبر پنجاب بار کونسل اورنگزیب مرل ایڈووکیٹ، سابق صدوربارایسوسی ایشن حبیب اللہ ایڈووکیٹ اورصابر علی چیمہ، ندیم شہزاد کوکب ایڈووکیٹ، نوید وڑائچ ایڈووکیٹ، محمد فیضان کٹھانہ ، ذیشان بٹ ایڈووکیٹ، محمد کاشف فاروق ساہی ایڈووکیٹ، محمد شفیق بٹ ایڈووکیٹ، چوہدری محمد عمران ایڈووکیٹ، چوہدری عامر فاروق سیکرٹری لائبریری اور سینئر صحافی وسیم اشرف بٹ بھی موجود تھے۔
تقریب میں آمد کے موقع پر پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال اور سینئرعہدیدار چوہدری منشاء خان نوناوالی کو میزبانوں کی طرف پھول بھی پیش کئے گئے۔
صدر ڈسٹرکٹ بار گجرات چوہدری شمشاد اللہ ملہی ایڈووکیٹ نے صدر پاکستان یونین ناروے چوہدری قمر اقبال کی سماجی خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان یونین ناروے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جو کردار اد اکر رہی ہے، وہ قابل تعریف ہے۔
چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال نے اس تقریب کے انعقاد اور اعزازی شیلڈ ملنے پر ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداروں صدر شمشاد اللہ ملہی، جنرل سیکرٹری عدنان صدیق اور عظمت فاروق ایڈوکیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ تقریب میں انہیں ملنے والی شیلڈ ان تمام اوورسیز پاکستانیوں کا اعزاز ہے جو پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور اوورسیز کمیونٹی کی سطح پر سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ اس وطن عزیز کی فلاح کے لیے بھی ہمیشہ سرگرم رہتے ہیں۔
انھوں نے پاکستان یونین ناروے کا تعارف کرواتے ہوئے کہاکہ پاکستان یونین ناروے ایک سماجی اور ثقافتی تنظیم ہے۔ اس تنظیم سے وابستہ لوگ ستر کی دہائی سے ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے سماجی خدمات انجام دے رہے ہیں اور پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔
چوہدری قمراقبال نے مزید کہاکہ پاکستان یونین ناروے ایک غیرمنافع بخش اور غیرسیاسی تنظیم ہے جو سال بھر ناروے میں مختلف تقریبات منعقد کرتی ہے اور ان تقریبات میں پاکستان سے بھی اعلیٰ سیاسی، ثقافتی، علمی، ادبی، صحافتی شخصیات اور حکومت اور عدلیہ کے اہم عہدیداروں کو مدعو کرتی رہتی ہے تاکہ پاکستان کے ناروے کے ساتھ تعلقات مضبوط ہوں اور یورپ میں پاکستان کے امیج کو بہتر بنایا جاسکے۔
انھوں نے بتایاکہ پاکستان یونین ناروے کے تحت ایک مصلحتی کمیٹی کمیونٹی کے اندرونی اختلافات کے حل کے لیے کوشاں رہتی ہے اور اس کے علاوہ ایک تھینک ٹینک کمیونٹی کو بڑھتے ہوئے عالمی رحجانات کے تناظر میں درپیش نت نئے چیلنجنوں سے نمٹنے کے لیے اپنی تجاویز دیتا رہتا ہے۔
جنوبی ایشیاء کے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے دل بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ جس طرح حالیہ بھارتی جارحیت کے بعد پاکستانی قوم نے بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کیا، اسی طرح اوورسیز پاکستانیوں بھی پیچھے نہیں رہے۔ ہماری حکومت اور افواج پاکستان کا کردار لائق صد تحسین ہے۔