بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی تازہ ترین ویڈیو منظر عام پر آگئی جس میں انہوں نے چائے کا کپ تھام رکھا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ویڈیو میں پاکستانی آرمی افسر سے گفتگو میں بھارتی پائلٹ نے پاکستانی فوج کے رویے کو متاثر کن قرار دیا۔
ویڈیو میں گرفتار بھارتی پائلٹ چائے کا کپ ہاتھ میں پکڑے انتہائی مطمئن نظر آرہا ہے،انہوں نے اپنا نام ونگ کمانڈر ابھی نندن بتایا۔
انہوں نے کہاکہ میں بھارتی فضائیہ کا افسر ہوں ،میرا سروس نمبر 27981 ہے ،میں یہ بات ریکارڈ پر لانا چاہتا ہوں کہ میرا اچھے سے دھیان رکھا گیا ہے۔
بھارتی پائلٹ نے کہاکہ پاک فوج کا رویہ پیشہ وارانہ اور انتہائی متاثر کن ہے ،ہماری افواج کو بھی یہی رویہ اپنا نا چاہیے۔
ان کا کہناتھاکہ مشتعل ہجوم سے بچانے پر پاکستانی فوج کے کیپٹن سمیت سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ابھی نندن نے بتایا کہ بھارت کے جنوب کا رہنے والا اور شادی شدہ ہوں ،میرا مشن کیا تھا اس حوالے سے نہیں بتاسکتا۔
گفتگو کے دوران بھارتی پائلٹ چائے پیتے رہے جس پر پاک فوج کے افسر نے استفسار کیا کہ چائے کیسی لگی ؟جواب میں ابھی نندن نے کہا بہت ہی اچھی ہے۔
فوجی افسر نے پوچھا آپ کو نسا طیارہ اڑا رہے تھے ؟جس پر ابھی نندن نے کہاکہ میں معذرت چاہتا ہوں میجر میں یہ نہیں بتا سکتا ،آپ لوگوں نے طیارے کا ملبہ دیکھ ہی لیا ہوگا۔
بھارتی پائلٹ سے پوچھا گیا کہ آپ کا مشن کیا تھا؟ جس پر ابھی نندن نے جواب دیا کہ مجھے افسوس ہے کہ میں یہ بھی نہیں بتا سکتا ۔
جس پر پاکستانی آرمی افسر نے کہا کہ چلیں ٹھیک ہے، شکریہ