سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ انہیں امید تھی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ علاج کے لیے نواز شریف کی سزا معطلی اور ضمانت کی درخواست منظور کرے گا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عدالت کے فیصلے سے مایوسی ہوئی، پانچ طبی بورڈز نے نواز شریف کی بیماری کی تشخیص کی اور فوری علاج کی سفارش کی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انہیں پوری امید تھی کہ ہائی کورٹ علاج کے لیے ضمانت کی درخواست قبول کرے گی۔ ہمیشہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کیا ہے اور اس فیصلے کا بھی احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی مزید قانونی راستے ہیں ان کو اپنایا جائے گا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جتنے قانونی راستے دستیاب ہیں وہ اپنائیں گے کیونکہ یہ ہمارا حق ہے
خواجہ آصف نے کہا کہ ہم اپیل میں بھی جائیں گے، امید ہے انصاف ملے گا۔