وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین دہشت گردی کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کو مجرمانہ خاموشی ختم کرنا ہو گی، کشمیری تارکین وطن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، یورپ میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید اور انکی ٹیم جس طرح بھارت کا اصل گھناؤنا چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں چیئرمین کشمیر کونسل علی رضا سید سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا، وزیر اعظم کے ہمراہ وزراء حکومت چوہدری محمد سعید، کرنل(ر) وقار احمد نور، چوہدری رخسار احمد، چوہدری محمد اسماعیل، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ طاہر مرزا، برطانیہ سے خصوصی طور پر آئے ہوئے سید محمد کاظمی، بسپ آزادکشمیر کے ریجنل ڈائریکٹر راجہ کلیم اللہ خان، سابق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عزیز الرحمن ایڈووکیٹ، سید فیضان حیدر ایڈووکیٹ، میجر (ر) سید اسد نقوی، سید وصی رضا، انجمن تاجراں کے سابق مرکزی صدر طاہر ملک، آغا شبر، ظہیر اعظم جرال کے علاوہ دیگر نمائندہ افراد بھی موجود تھے، سید علی رضا نے اپنی رہائش گاہ پہنچے پر وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کا گرمجوشی سے استقبال کیا، اس موقع پر دونوں کے درمیاں ون آن ون ملاقات بھی ہوئی،
دونوں رہنماووں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہا کیا گیا۔
وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور آزادی کی منزل ملنے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ اور اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر جاری رپورٹ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ بھارت نے جبر وتشدد سے کشمیریوں کو محکوم بنایا ہوا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور بھارت کا اصل گھناؤنا چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے علی رضا سید اور ان کی ٹیم جس انداز میں کام کر رہے ہیں اسے آزادکشمیر کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین کشمیر کونسل ای یو برسلز علی رضا سید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر عالمی برادری اب توجہ دے رہی ہے لیکن بھارت جیسے مکار دشمن کو بے نقاب کرنے کیلئے ہمیں مزید اتحاد و یکجہتی سے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی سیاہ رات ختم ہو گی اور وہاں بھارتی چنگل سے آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔