وفاقی حکومت نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں کمی کرکے حاتم طائی کی قبر پر لات مارنے کی تیاری کرلی۔
ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے فروری کےلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پٹرولیم ڈویشن کو بھیج دی ہے۔
اوگرا کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سمری وزارت پٹرولیم کو موصول ہوچکی ہے،اس حوالے سے فیصلہ کل متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرول کی قیمت 59 پیسے کمی کر کے 90 روپے 38 پیسے فی لیٹر کرنے کی سفارش کی ہے۔
اوگرا نے اس کے ساتھ ہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 4 روپے 68 پیسے کمی کے بعد 102 روپے فی لیٹر کرنے کا کہا ہے۔
وزارت پٹرولیم کو تجویز دی گئی ہے کہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 92 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جائے۔
اوگرا کی سمری پر وزارت پٹرولیم حتمی فیصلہ وزیر خزانہ اور وزیراعظم سے مشاورت کے بعد کرے گی۔