اوسلو (پ۔ر)۔
ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا یوم پیدائش منایا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستان پیپلزپارٹی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیرنواز گلیانہ کی صدارت میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ممتازنارویجن پاکستانی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر پی پی پی ناروے کے جنرل سیکرٹری مرزا محمد ذوالفقار، سیکرٹری اطلاعات و نشریات چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں، سینئررہنماء میاں محمد اسلام، علی اصغر شاہد، اقبال اختر خان، جاوید اقبال، خالد اسحاق دھنیال، راجہ عاشق حسین اور حاجی رفیع اللہ بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران مقررین نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسا لیڈر دوبارہ پاکستان میں پیدا نہیں ہوا۔ بھٹو جیسے رھبر کم ہی پیدا ہوتے ہیں۔ نقل کرنے والے تو بہت ہیں لیکن بھٹو جیسا رہنماء کوئی نہیں۔ بھٹو کو نہ صرف قائد عوام کا خطاب ملا بلکہ وہ بابائے آئین پاکستان بھی ہیں کیونکہ انھوں نے پہلی دفعہ ملک و قوم کو ایک جمہوری حکومت اور باقاعدہ ایک آئین دیا جس پر تمام جماعتیں متفق تھیں۔ ملک کے سیاسی نظام جمہوریت کو مضبوط بنانے کی جدوجہد کی۔ بھٹو کی بیٹی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی اپنے عظیم والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک و قوم کے لیے اپنی جان بھی نچھاور کردی۔
انھوں نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو نے غریب اور محروم طبقوں کو آواز دی اور اپنی کرشماتی شخصیت کی وجہ سے وہ پاکستان کے مقبول ترین عوامی رہنما تھے۔ ان کی شخصیت کے اس پہلو کا ریکارڈ پاکستان میں کوئی بھی ابھی تک نہیں توڑ سکا۔
تقریب کے دوران شہید بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔