دسویں قسط- جمہوریت کیوں ؟ امن کے لیے،

(تحریر ،محمد طارق )

جمہوری نظام حکومت کے تحت چلنے والے ممالک کے درمیان جنگ نہیں ہوتی ، دوسری جنگ عظیم کے بعد جمہوری ممالک نے آپس میں کوئی جنگ نہیں کی ، نہ ہی جمہوری ممالک کے شہریوں نے اپنے ممالک میں ایسے حکمرانوں کو منتخب کیا ، جو دوسرے جمہوری ممالک سے خارجی تعلقات خراب کرنے کا باعث بنے – عالمی جنگوں کی تاریخ بتاتی ہے جن علاقوں میں جمہوری روایات ، اقدار ہونگی وہ علاقے عمومی طور پر پرامن ہونگے –

عالمی تاریخ کے مشاہدات ظاہر کرتے ہیں کہ جہاں حکومتیں عام عوام کو جواب دہ ہونگی ، ان ممالک ، ان علاقوں میں جنگ ہونے کے امکانات بہت کم ہوتے ہیں –

جمہوری ممالک میں ، اور جمہوری نظام حکومت کے تحت چلنے والے ممالک کے درمیان جنگ نہ ہونے کی بڑی وجہ ، ان ممالک میں جمہوریت کی وجہ سے انتظامی طاقت ، فیصلہ سازی کا ملک کے مختلف حصوں ، مختلف اداروں میں تقسیم ہونا ہے –

یاد رکھے کوئی ملک جب جنگ جیت لیتا ہے تو اس وقت جنگ جیتنے کے سارے فوائد حمکران طبقہ حاصل کرتا ہے ، جبکہ جنگ ہارنے کے نقصانات ملک کی ساری آبادی کو بھگتنا پڑتے ہیں ، آمرانہ نظام میں حکمران دوسرے ممالک سے جنگ کرتے وقت اپنی عوام سے کم ہی رائے لیتے ہیں ، جبکہ جمہوریت میں کوئی بھی بڑا فیصلہ کرنے سے پہلے حکمرانوں کو عوام کی رائے کا احترام کرنا پڑتا ہے ، جس سے ہوسکتا ہے ملکی حکمرانوں کو جنگ کرنے کا فیصلہ تبدیل کرنا پڑے ، دوسرے ممالک سے معاملات پرامن طریقے سے حل کرنا پڑے-

جمہوری نظام حکومت میں حکومتی عہدیداروں کو اپنے ووٹرز کی وجہ سے دوسری پارٹیوں کے ساتھ مل کر کام کرنا پڑ جاتا ہے ، ان عہدیداروں کو اجتماعی مفادات کی خاطر اپنی انا ، اپنے پارٹی نظریات کو چھوڑ کر سمجھوتے کرنا پڑتے ہیں ، ان سمجھوتے کے تجربات کی وجہ سے وہ دوسرے ممالک سے بھی اپنے ملکی اجتماعی مفادات ، جیسے تجارت ، اپنی برآمدات کو بڑھانے کے لیے بڑے سمجھوتے کر جاتے ہیں ، جس سے ملکوں کے درمیان آپس میں مثبت تعلقات فروغ پاتے ہیں اور ان کے آپس میں جنگ ہونے کے امکانات کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں-

دو جمہوری ممالک کی آپس میں بہت کم جنگیں ہوئی ہیں ، لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جمہوری ممالک اپنے آپ کو غیر جمہوری ممالک سے جنگیں کرنے سے نہ بچا سکے ، جمہوری ممالک کی زیادہ تر جنگیں اپنے ممالک کے دفاع سے شروع ہوئی ، یہ جنگیں اکثر آمرانہ حکومتوں کے تحت چلنے والے ممالک نے جمہوری ممالک پر مسلط کی –

جمہوری روایات ، جمہوری طرز عمل دنیا میں امن لے کر آتا ہے-

 

Recommended For You

Leave a Comment