ماہ مبارک ربیع الاول کے آغاز ہی سے دنیائے اسلام کی رونقین دوبالا ہوجاتی ہیں۔ عالم اسلام اس عظیم ہستی کے یوم ولادت کا استقبال کرنے کے لیے تیارہوجاتی ہے جس کی آمد نے زمین کو ہر اعتبار سے منور کردیا اور انسانیت کو دوبارہ زندگی اور زندگی کا نیا دستور دیا۔ رحمت العالمین حضرت ختمی مرتبت محمد مصطفیٰ (ص) کی ولادت باسعادت کی آمد آمد پر دنیاکے دیگر خطوں کی طرح ناروے میں رہنے والے مسلمان بھی تقریبات منا رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں ورلڈاسلامک مشن ہولملیا برانچ ناروے نے گذشتہ روز ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا جس میں متعدد عاشقان رسول کریم نے شرکت کی۔
عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی اس تقریب سعید کا باقاعدہ آغازتلاوت قرآن حکیم سے ہوا جس کی سعادت قاری غلام دستگیر نےحاصل کی۔ تلاوت کے بعد رومان قدیر، رفیق ڈار ، عثمان نثار اور فاروق شفیع نے اپنی خوبصورت آوازوں میں پیغمبر گرامی اسلام (ص) کی بارگاہ اقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ مدح و نعت رسول مقبول ﷺ کے بعد بزم نقشبند اوسلو کے امام مولانا نصیر احمد نوری نے 12 ربیع الاول کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ امہ کی نجات پیروی حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں ہے۔ امت آپﷺ کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے آپس میں اتحاد و اتفاق قائم رکھ سکتی ہے۔ تقریب کے دوران دعائیہ کلمات منہاج القران ناروے کے امام حافظ صداقت علی نے ادا کئے۔
ورلڈاسلامک مشن ہولملیا برانچ کے امام مولانا خالد رضا نے اختتام پر تمام حاضرین اور مہمان علماءکرام کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ اس عظیم دن کے حوالے سے ہمارے علماء اور دیگر معزز مہمان اس با برکت محفل میں شریک ہوئے اور سب نے مل کر یہ شاندار جشن منایا۔ مسجد ورلڈ اسلامک مشن ہولملیا کے صدر چوہدری نثار احمد اور محمد الیاس نے مہمانوں کو پھول پیش کئے۔