اوسلو (پ۔ر)۔
پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے کہاہے کہ پاکستان میں پرتشدد جلسے اور جلوسوں کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والے عناصر کی موبائل ویڈیوز کے ذریعے بڑی آسانی سے نشاندہی ہوجاتی ہے لہذا ان کی شناخت کرکے انہیں سخت سے سخت سزادی جانی چاہیے۔
یہ بات انھوں نے حالیہ دنوں پاکستان میں املاک کو نقصان پہنچانے اور گاڑیوں کے شیشے توڑنے کے افسوسناک واقعات پر اپنے ایک بیان میں کہی۔
انھوں نے کہاکہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ گذشتہ دنوں شرپسند عناصر نے ان گاڑیوں کے بھی شیشے توڑے اور انہیں نقصان پہنچایا جن میں خواتین اور بچے سوار تھے۔ ان ظالموں کو ان معصوم لوگوں پر بھی ترس نہ آیا۔
چوہدری قمراقبال نے مزید کہاکہ بہت سی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جن میں واضح طور پر توڑپھوڑ کرنے والے شرپسند عناصر کو پہچانا جاسکتاہے۔ جن جن علاقوں میں یہ وارداتیں ہوئی ہیں، وہاں کے مقامی کونسلرز، سماجی شخصیات اور پولیس والے ان ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے ان ملزمان کو با آسانی پہنچان سکتے ہیں۔
انھوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ایسے قوانین بنائے جائیں جن کے تحت ایسے دہشت پسند عناصر کے خلاف مقدمات انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں چلائے جائیں اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے اور ان کی املاک ضبط کرکے متاثرہ لوگوں کے نقصانات پورے کئے جائیں تاکہ کوئی آئندہ ایسی وحشیانہ حرکت نہ کرسکے۔
بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ ان شرپسند عناصر کی وجہ سے پاکستان کے پوری دنیا میں بدنامی ہوتی ہے اور یہ بات اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی پریشانی کا باعث بنتی ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں کو بھی چاہیے کہ اس مسئلے کو پاکستان کی ہرسطح پر اٹھائیں تاکہ ان شرپسند کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان یونین ناروے نے اس سلسلے میں پاکستان میں متعلقہ حکام کو باقاعدہ خطوط کے ذریعے اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔