اوسلو (خصوصی رپورٹ)۔
ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں سفارتخانہ پاکستان نے ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ حصہ لینے والی نارویجن پاکستانی تنظیموں کو تعریفی اسناد دینے کی تقریب منعقد کی۔
تقریب میں ان متعدد نارویجن پاکستانی تنظیموں کے نمائندوں کو تعریفی اسناد دی گئیں جنہوں نے ڈیم فنڈ کے لیے آٹھ کروڑ پاکستانی روپوں کے برابر رقم جمع کرنے میں بھرپور معاونت کی۔ تقریب کے مہمانان خصوصی سینیٹر فیصل جاوید خان اور پاکستانی اداکارہ عتیقہ اوڈھو تھیں۔ اس موقع پر کمیونٹی ویلفیئر اتاشی خالد محمود بھی موجود تھے۔
جن تنظیموں کے نمائندوں نے سفارتخانہ پاکستان کی طرف سے تعریفی اسناد وصول کیں، ان میں اسلامک کلچرل سنٹر کے ساجد الٰہی، منھاج القرآن اوسلو کے راشد اعوان، مرکزی جماعت اہل سنت اوسلو محمد عمران، انجمن حسینی ناروے کے صدر راجہ جاوید اقبال، توحید اسلامک سنٹر کے سید حمزہ کاظمی، ورلڈ اسلامک مشن کے خالد حسین، رحمہ اسلامک ریلیف کے ملک منیر، بزم نقشبند اوسلوکے مظفرگوندل، مسلم سنٹر فروست راجہ عبدالمجید، سندرے نورستران مسلم سنٹر کے راجہ اقبال، اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی ناروے کے صدر مرزا ذوالفقار، پاک۔ناروے چمبرآف کامرس کے صدر سید حسنین اشعر عاشی، پی ٹی آئی ناروے کے صدر چوہدری تصدق حسین، سکون کے چیئرمین شاہد جمیل، پاک۔ناروے فورم کے صدر چوہدری اسماعیل سرور، چودہ اگست کمیٹی ناروے کے شیخ عامر جاوید، پاکستان ورکزویلفیئریونین، پاکستان کلچرل فورننگ شسمو کے ساجد اقبال، پاکستان کمیونٹی ناروے کے صدر اظہراقبال رندھیر، اوورسیز ویلفیئرفاونڈیشن کے چوہدری جاوید دینہ چک اور پاکستان سوسائٹی ناروے کے چوہدری شبیرحسین مہمند چک،م سب کا پاکستان کے کوآرڈی نیٹر سلطان حمزہ اعوان اور امدادریلیف کے زاہد یاسین قابل ذکر ہیں۔
صحافیوں کو بھی تعریفی اسناد دی گئیں جن میں دنیا ٹی وی کے عقیل قادر اور عامر بٹ، اوورسیز گوبل ٹی وی کے ارشد وحید چوہدری اورفری لائنسر ناصر اکبرقابل ذکر ہیں۔
محقق و دانشور سید سبطین شاہ کا کہناہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ نارویجن پاکستانیوں نے دل کھول کر پاکستان کی مدد کی ہے بلکہ وہ اس سے پہلے بھی سیلاب اور زلزلے میں مدد دیتے رہے ہیں لیکن یہ رقم حجم کے اعتبار سے سب سے زیادہ ہے۔ اس چندہ مہم نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ اس کے علاوہ کمیونٹی نے ڈیم فنڈ کے لیے مزید مالی تعاون کا یقین دلایا ہے۔
اس موقع پر ہم سب کا پاکستان کے کوآرڈی نیٹر سلطان حمزہ اعوان نے بتایاکہ ناروے میں ڈیم فنڈ کے لیے جمع کرنے کے لیے پچھلی کئی ہفتوں سے لوگوں کے ساتھ رابطے جاری تھے اور اس سلسلے نارویجن پاکستانی دینی اداروں اور سماجی اور ثقافتی تنظیموں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔