برسلز (پ۔ر)
برسلز(پ۔ر) یورپی پارلیمنٹ برسلزمیں کشمیرکونسل یورپ (ای یو) کے زیراہتمام گیارویں ’کشمیرای یو ۔ویک‘‘ کے حوالے سے تقریبات پانچ نومبر بروز پیر شروع ہوں گی۔
یہ بات کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید، سینئر کشمیری رہنما سردار صدیق، کشمیرانفو کے چیئرمین میرشاہجہاں اور یورپی یونین کے سابق سفیر انتھونی کرزنر نے برسلز میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔
تقریبات کی تفصیلات بتاتے ہوئے انھوں نے کہاکہ اس پروگرام کے سلسلے میں کشمیرکونسل ای یو کو کشمیر فری آرگنائزیشن جرمنی، کشمیرانفو بلجیم، تھیٹرایکس جرمنی، کشمیرگوبل کونسل، ورلڈ کشمیر ڈٓائس پورہ الائنس اور دیگر تنظیموں کا تعاون حاصل ہے۔
تقریبات جن میں بین الاقوامی کانفرنس، متعدد سیمینارز، مباحثے، اور کشمیرپردستاویزی فلمیں اور عکاسی اور دست کاری کی اشیاء کی نمائش شامل ہوگی، گیارہ نومبر تک یورپی پارلیمنٹ برسلز میں منعقد ہوں گی جبکہ نمائش بارہ سے اٹھارہ نومبر تک یورپی پارلیمنٹ اسٹراسبرگ، فرانس میں جاری رہے گی۔
انھوں نے بتایاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کشمیرای یو ویک کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ تقریبات کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں اور مندوبین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔کشمیرای یو ۔ویک یا ’’یورپ میں ہفتہ کشمیر‘‘ کی تقریبات کے
دوران مقبوضہ کشمیرکی تازہ ترین صورتحال پر رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی جن میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے بارے میں حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ کشمیرای یو ویک کی تقریبات کا مقصد مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کو اجاگر کرنا اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنا ہے۔ کشمیری عوام نے گرانقدر قربانیاں دی ہیں اور وہ ہرگز اپنے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
پچھلے سالوں کی طرح اس بار بھی کشمیرای یو ۔ویک کی تقریبات میں مقبوضہ کشمیراورآزادکشمیرکے علاوہ شمالی امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے دیگر ممالک سے بھی مندوبین شریک ہورہے ہیں۔ تقریبات کے افتتاحی پروگرام میں اراکین پارلیمنٹ، سیاسی اورسماجی شخصیات، دانشوروں اورمعاشرے کے دوسرے طبقات سے تعلق رکھنے والے اہم افراد کو مدعوکیاگیاہے۔
یورپی پارلیمنٹ میں ان تقریبات کی میزبانی اراکین یورپی پارلیمنٹ سجاد کریم اور واجد خان کریں گے۔کشمیرکونسل ای یو کی طرف سے کشمیرای یو ۔ویک کی سالانہ تقریبات کا سلسلہ گذشتہ کئی سالوں سے جاری ہے۔اس کے علاوہ بھی کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام دیگر مواقع پر بھی مسئلہ کشمیرپر تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ کشمیرکونسل ای یو کی جانب سے وقتاًفوقتاً یورپ کے قانون ساز، تحقیقی اورعلمی اداروں میں اجلاسوں، کانفرنسوں ، مباحثوں اورسیمیناروں کا انعقادکیاجاتاہے ۔
مختلف یورپی ممالک میں کونسل کی طرف سے کشمیرپر ایک ملین دستخطی مہم بھی جاری ہے۔ ان پروگراموں اورتقریبات کی وجہ سے یورپ کی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قابل توجہ آگاہی پیداہوگئی ہے۔