( اوسلو (خصوصی رپورٹ
پاکستان یونین ناروے کے زیراہتمام جشن آزادی کی تقریب میں بڑی تعداد میں نارویجن پاکستانی شریک ہوئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کوئین کونسل برسٹرقادری اور ہائی شیرف مانچسٹر ڈاکٹر روبینہ شاہ تھیں جبکہ نارویجن وزیر ثقافت اور میئرلورنسکگ نے یونین کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کی خصوصی دعوت پر پروگرام میں شرکت کی۔
ناروے کی وزیرثقافت مس تھرینے شی گریندے نے پاکستان اور ناروے کے تعلقات کی بہتری پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ ہماری دعا ہے کہ پاکستان جلد از جلد ترقی کی منازل طے کرے اور وہاں امن و امان برقرار ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں نئی حکومت کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں بدعنوانی ختم ہو اور وہاں خوشحالی آئے۔
انھوں نے ناروے اور پاکستان کے تعلقات کی بہتری خاص طور پر ثقافتی شعبے میں مزید دوطرفہ تعاون پر زور دیا۔
نارویجن وزیر ثقافت نے مسلمانوں کے انداز میں اپنے دونوں ہاتھ بلند کرے کہاکہ وہ دعا کرتی ہیں کہ پاکستان میں انتہاپسندی اور فرقہ واریت ختم ہو اور لوگوں کو انصاف و مساوی حقوق ملیں۔
انھوں نے پاکستانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے علامہ اقبال کا یہ شعر پیش کیا، ’’خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے خدا بندے سے خود پوچھے، بتا تیری رضا کیا ہے۔‘‘
نارویجن وزیر ثقافت نے قائداعظم محمد علی جناح کی گیارہ اگست کی تقریر کا بھی حوالہ دیا جس میں مذہبی آزادی، انصاف اور مساوات پر زور دیا گیاہے۔
انھوں نے کہاکہ ساٹھ اور ستر کی دہائی میں ناروے آنے والی پاکستانیوں کی پہلی نسل کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ناروے میں نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی بنیاد رکھی اور اپنی محنت اور لگن سے ناروے میں اپنی باوقار جگہ بنائی۔بقول انکے، نارویجن پاکستانیوں کی خدمات کا ناروے کے بادشاہ اور وزیراعظم بھی اعتراف کرتے ہیں۔ناروے میں پاکستانی ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹ اور دیگر شعبوں میں کاروبار کررہے ہیں اور کئی اہم عہدے پر فائز ہیں۔
انھوں نے پاکستان یونین ناروے کے کام کو قابل ستائش قرار دیا اور یونین کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کی طرف سے پروگرام میں مدعو کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے اراکین نارویجن پارلیممنٹ عابد قیوم راجہ(لبرل پارٹی) اور مدثر کپور (دائیں بازو کی جماعت) نے بھی خطاب کیا۔
اس سے قبل چیرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور
پاکستان یونین ناروے کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ پاکستان یونین ناروے ایک غیرمنافع بخش اور نان۔ فنڈڈ تنظیم ہے۔ہم اپنے بڑوں کی قائم کردہ اس تنظیم کے پلیٹ فارم پربے لوث خدمات انجام دینے کی کوشش کرتے رہیں گے۔
تقریب کے مہمانان خصوصی برسٹر صبغت اللہ قادری کیو۔سی اور ہائی شیرف گریٹر مانچسٹر محترمہ ڈاکٹر روبینہ شاہ تھے۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئراتاشی خالد محمود نے بھی خطاب کیا۔
تقریب کے دوران ڈاکٹر روبینہ شاہ کو ان کی گرانقدر سماجی خدمات اور انہیں ہائی شیرف مانچسٹر کا اعزاز ملنے پر خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔ ناروے کی وزیرثقافت تھرینے شی گریندے اور پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال انہیں یہ ایوارڈ پیش کیا۔
ان کے علاوہ دو خواتین میڈیا پرسنز کو خصوصی میڈیا ایوارڈز دیئے گئے۔سیدہ کوثر منور شرقپوری دھنک لندن کی چیف ایڈیٹر ہیں اور رقیہ کوثر اوورسیز کیمونٹی پوسٹ ناروے کی چیف ایڈیٹر ہیں۔
تقریب کے دوران بعض شخصیات کو پاکستان اور نارویجن پاکستانیوں کے حوالے سے ان کی خصوصی کاوشوں کے اعتراف پر پھول پیش کئے گئے۔ ان شخصیات میں ریسرچ اسکالر اور سینئر پاکستانی صحافی سید سبطین شاہ، پاکستان یونین ناروے کے پاکستان میں قانونی مشیر عظمت فاروق ایڈوکیٹ، نارویجن پاکستانی این جی او سکون کے سربراہ شاہد جمیل قابل ذکر ہیں۔ تقریب کی دوران نظامت کے فرائض ادبی و ثقافتی شخصیت شاہ رخ سہیل اور ماریہ خان نے انجام دیئے۔ تقریب کے اختتامی مرحلے کو پاکستان کے ایونٹس آرگنائزر عباس فلکی نے انجام تک پہنچایا جس کے دوران پاکستان کی معروف گلوکارہ شازیہ منظور اور لوک فنکار طاہرمحمود نیئر نے ملی نغمے اور صوفیانیہ کلام پیش کرکے شرکا کے دل جیت لیے۔ پاکستان یونین ناروے نے پروگرام میں شرکت کے لیے دعوت عام دی ہوئی تھی اور کچاکچ بھرا ہوا تھا۔ ہال فل ہونے کے باعث بے شمار لوگوں کو پروگرام دیکھے بغیر واپس جانا پڑا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے ساتھ پاکستان یونین ناروے کی ٹیم کے اراکین نے گروپ فوٹو بنوایا۔ ٹیم کے اراکین میں چوہدری اشرف ڈنمارک، نصراللہ قریشی، ملک پرویز، شکیل اسلم، اصغر دھکڑ، فیصل حسین ملازم، شاہد فاروق، ندیم رشید، میاں بشیرحسین، حاجی اکرم سیکریالی، عبدالرحمان سیکریالی، شہزاد غفور، یاراحمد، میاں سہیل، چوہدری تنویر احمد، عمران خان، چوہدری شمعون، شاہد حسین، طاہر محمود، وقارانصر، کاشف محمود اور عاطف محمود قابل ذکر ہیں۔