پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے عمران خان کو وزیرا عظم نامزد کر دیا، جبکہ شاہ محمود قریشی کو اسپیکر قومی اسمبلی اور عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، چیئرمین عمران خان کی قیادت میں مقامی ہوٹل میں ہواجس میں عمران خان کی بطور وزیراعظم نامزدگی کی تحریک شاہ محمود قریشی نے پیش کی۔
جس کے بعد تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے عمران خان کو بطور وزیر اعظم نامزد کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شاہ محمود قریشی کا نام اسپیکرقومی اسمبلی کے لیے فائنل کیا گیا تو شاہ محمود قریشی نے اسپیکر بننے سے معذرت کی تاہم عمران خان نے انہیں قائل کرلیا اور اسپیکر قومی اسمبلی بننے کے لیے آمادہ کر لیا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے زرتاج گل اور شہریار آفریدی کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے اجلاس میں عمران اسماعیل کو گورنر سندھ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آج کے اجلاس میں عمران خان کو باضابطہ طورپر وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا جائے گا جبکہ عمران خان عمران اسماعیل کو گورنر سندھ لگانے کا اعلان بھی کریں گے۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی مرضی ہے کسی قابل سمجھیں گے تو ذمے داری سونپیں گے، ہم نے خلوص نیت کے ساتھ ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس وقت ہماری توجہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات پر ہے، بی این پی کے اختر مینگل سے ملاقات ہوئی ہے، بی این پی کے وہی مطالبات ہیں جو دوسال پہلے تھے۔
خبر: جنگ