برسلز (پ۔ر)
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے تنازعہ کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ کی تازہ دستاویز کو سراہا ہے اور اسے ان لوگوں کی کامیابی قرار دیا ہے جو ایک عرصے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کررہے تھے۔
یورپی پارلیمنٹ نے بدھ کے روز ایک دستاویز کے ذریعے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالی کی نشاندہی کی ہے۔ یہ دستاویز یورپی پارلیمنٹ کی ریسرچ سروس نے پارلیمنٹ کے اراکین اور پارلیمنٹ کے حکام کے لیے جاری کی ہے۔ دستاویز میں انسانی حقوق کی پامالی کے بارے میں اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کا بھی بطور خاص تذکرہ کیاگیاہے۔ اس دستاویز میں مسئلہ کشمیر کی تاریخ، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیرکے دونوں حصوں کو تقسیم کرنے والی کنٹرول لائن کا ذکر کیا گیا اوربھارتی حکمرانی کے خلاف کشمیریوں کی تحریک اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بیان کو بھی کیا گیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یوعلی رضا سید نے اس دستاویز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ تنازعہ کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ کی نئی تحقیقی دستاویز عالمی سطح پر ایک اہم پیشرفت ہے۔
انھوں نے کہاکہ یہ دستاویزماریان لوکس سمیت ان یورپی شخصیات اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی کامیابی ہے جو ایک عرصے سے مسئلہ کشمیر کو یورپ میں اجاگر کررہے ہیں۔ ڈاکٹرسجاد حیدر کریم سمیت کئی اراکین یورپی پارلیمنٹ نے بھی مسئلہ کشمیر اور خصوصاً مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کو اجاگر کرنے میں ایک طویل عرصے سے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہ پرویز امروز سمیت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنی والی شخصیات کی بھی کامیابی ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث افراد کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی راہ ہموار کی جائے۔
یادرہے کہ حالیہ دنوں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر نے بھی اپنی رپورٹ میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی تحقیقات کے لیے ایک انکواری کمیشن بنانے کی تجویز پیش کی تھی۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے اپنے ایک بیان میں مزید کہاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی تحقیقات جموں و کشمیرکے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے اور اس پر بلاتاخیر عمل درآمد ہونا چاہیے۔ علی رضا سید نے کشمیریوں کی شمولیت سے بامقصد مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیرکے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔
اقوام متحدہ کے ادارے برائے انسانی حقوق نے اپنی حالیہ رپورٹ میں پہلی دفعہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کو روکوانے، ماضی میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا ازالہ کرنے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو انصاف فراہم کرنا مطالبہ کیا ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہا کہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین بھارت پر دباو ڈالیں تاکہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔
علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ اور یورپی پارلیمنٹ کی اس دستاویز کی روشنی میں مقبوضہ کشمیرمیں مداخلت کرے، وہاں مظالم روکوائے اور مسئلہ کشمیرکے پرامن حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔