اوسلو (خصوصی رپورٹ)
ناروے میں پانچ روزہ کرکٹ ٹورنامنٹس ’’نارویجن پریمیئرلیگ‘‘ گذشتہ ہفتے اختتام کو پہنچی۔ یہ دوسری سالانہ نارویجن پریمیئر لیگ تھی جس میں متعدد نارویجن کرکٹ ٹیموں نے حصہ لیا۔ پچھلے سال کی طرح اس بار بھی نارویجن پاکستنانیوں کی ٹیم ’’ایگلز‘‘ نے اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے چمپیئن شپ حاصل کرلی۔
اختتامی میچ میں ایگلز کا مقابلہ نائٹ رائڈر سے تھا۔ ایگلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دوسوپچاس رنز بنائے جبکہ نائٹ رائڈرز دوسو رنز بھی نہ بناسکی۔
اس ٹورنامنٹس میں پاکستان کی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی مختلف ٹیموں کی طرف سے شرکت کی۔ ان کھلاڑیوں میں عبدالرزاق، مصباح الحق، توفیق عمر اور عمرگل قابل ذکر ہیں۔ ان کے علاوہ عمران نذیر اور شعیب اختر بھی ٹورنامنٹس کے دوران وہاں موجود رہے۔
اختتامی تقریب میں ناروے میں پاکستان کی سفیر محترمہ رفعت مسعود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اورجیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انھوں نے بتایاکہ نارویجن پاکستانیوں نے ناروے میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ناروے میں پاکستانی زیادہ تر ستر کی دہائی میں آکر آباد ہوئے۔ دیگر رسومات کے ساتھ ساتھ یہ پاکستانی کرکٹ بھی اپنے ساتھ لے آئے۔ اسی بنا پر کہاجاسکتاہے کہ ناروے میں کرکٹ کے فروغ میں پاکستانیوں کا بڑا کردار ہے اور اسی لیے ناروے کی کرکٹ ٹیموں کے زیادہ تر کھلاڑی بھی نارویجن پاکستانی ہیں۔
مقامی نارویجن پاکستانی کھلاڑیوں میں ایگلز ٹیم کے کپتان شہبازبٹ، نائٹ رائڈرز کے کپتان رضا و سفیان علی قابل ذکر ہیں۔
ٹورنامنٹس کے دوران ایک اور نارویجن پاکستانی ٹیم ’’سلطان‘‘ نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
گذشتہ دنوں پاکستانی کھلاڑیوں نے دارالحکومت اوسلو کے مضافاتی شہر دریمن کا بھی دورہ کیا جہاں شہر کے ڈپٹی میئر سید یوسف گیلانی نے ان کا استقبال کیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے اعزاز میں مقامی کاروباری شخصیات شاہد ملک اور چوہدری طاہر نے استقبالیہ دیا۔