پاکستان اور پولینڈ کے مابین مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے تحت دونوں ممالک مالیاتی امور میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔
یہ مفاہمت اسٹیٹ بنک آف پاکستان اور پولش فائنینشل سپرویژن اتھارٹی (پی ایف ایس اے) جو اپنے اپنے ملکوں میں تمام بنکوں اور مالیاتی اداروں کی نگرانی کرتے ہیں، کے درمیان طے پائی ہے۔ اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے پولینڈ میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے اس یاداشت پر دستخط کئے جبکہ پولینڈ کی طرف سے پی ایف ایس اے کے چیئرمین ماریک چارزانووسکی نے دستخط کئے۔
اس مفاہمت کی بدولت دونوں ملکوں کے مالیاتی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے ادارتی فریم ورک فراہم ہوجائے گا۔ اس سے متعلقہ شعبے کی مفید معلومات اور تجربات کے تبادلے سے فنانشل مارکیٹ میں نئے رحجانات کو سمجھنےمیں بھی مدد ملے گی۔
پاکستان اور پولینڈ کے مابین پہلے ہی قریبی دوطرفہ تعلقات ہیں اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون جاری ہے۔ اس سے قبل بھی دونوں ملک ایک دوسرے کے ساتھ متعدد معاہدے اور مفاہمتی دستاویزات پر دستخط کرچکے ہیں۔ اس نئی مالیاتی مفاہمت سے یہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون مزید فروغ پائے گا۔